راجستھان کے شہر کوٹا میں ہفتے کی صبح دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں 8 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 15 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔ مدھیہ پردیش سے راجستھان جانے والی ایک منی بس بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر توڑتی ہوئی تقریباً 20 فٹ نیچے ایک نالے میں جا گری۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر افراتفری مچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، یہ حادثہ صبح تقریباً 7 بجے سلطان پور کی جانب جانے والے راستے پر کرادیا ٹول پلازہ (Karadiya Toll Plaza) سے کچھ آگے سیملیہ پولیس اسٹیشن (Simliya Police Station) کی حدود میں پیش آیا۔ گاڑی میں 25 سے زائد مسافر سوار تھے اور وہ مدھیہ پردیش کے بھوپال سے کھاٹو شیام جی جا رہے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ڈرائیور کو گاڑی چلاتے ہوئے نیند کا جھونکا آ گیا، جس کے باعث وہ گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔ تیز رفتاری کے دوران منی بس ڈیوائیڈر توڑتے ہوئے ایک پلیا سے نیچے جا گری۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا۔
حادثے کے بعد مسافروں کو نالے سے نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے کوٹا کے نیو میڈیکل کالج اسپتال اور ایم بی ایس اسپتال منتقل کیا گیا۔ سیملیہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نند سنگھ کے مطابق، حادثے میں اب تک 8 افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ تقریباً 15 سے 16 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
کوٹا میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر نیلیش جین کے مطابق، حادثے میں ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ مرنے والوں میں ارونا، ویشنوی، ترشا، کرشنا، انیتا، اوم سوریاونشی اور راجو شامل ہیں۔ گاڑی کے ڈرائیور کی بھی حادثے میں موت ہو گئی، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں وندیتا، اجے گاوندے، ویدانت جھرباڑے، موہانس جھرباڑے، آکاکشی جھرباڑے اور سارنش سمیت دیگر مسافر شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے میں مصروف ہے۔ ابتدائی طور پر ڈرائیور کو نیند آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق ہونا باقی ہے۔اس حادثے نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ زخمی مسافروں کے علاج کے لیے اسپتالوں میں انتظامات کیے گئے ہیں۔






