وزیراعظم نریندر مودی آج کئی میٹنگوں میں شرکت کریں گے جس میں ملک سے جڑے کئی مسائل پر بات چیت ہوگی۔ یہ میٹنگیں ایسے وقت میں منعقد کی جارہی ہیں جب لوک سبھا انتخابات ہفتہ کو ختم ہوچکے ہیں اور نتائج 4 جون کو آنے والے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پی ایم مودی طوفان ریمل کے بعد کی صورتحال اور شمال مشرقی ریاستوں میں سیلاب جیسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے والے ہیں، چند دن پہلے آنے والے سمندری طوفان ریمل کی وجہ سے مغربی بنگال سے شمال مشرق تک کی ریاستوں میں نقصان دیکھا گیاتھا، ذرائع نے بتایاکہ پی ایم مودی کی صدارت میں آج 7 میٹنگیں ہوں گی، ان میں سے ایک مٹنگ ہیٹ ویو کے حوالے سے بھی ہوگی۔ جہاں اس تعلق سے بات ہوسکتی ہے کہ ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے مرکزی سطح پر کیا لائحہ عمل بنایا جا سکے کیونکہ ملک بھر میں ہیٹ ویو کی وجہ سے بہت سے مسائل دیکھے جارہے ہیں جیسے بہار، جھارکھنڈ اور اڈیشہ جیسی ریاستوں میں کئی لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔