Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Politics

عالمگیر عالم نے وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

جھارکھنڈ: 11 جون/ (منصف ٹی وی) برسا منڈا سینٹرل جیل میں بند عالمگیر عالم نے پیر کے دن کابینہ وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور راج بھون نے ان کا استعفیٰ قبول بھی کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں آج بروز منگل نوٹیفکیشن جاری کیا جا سکتا ہے۔ عالمگیر عالم نے جیل قوانین کے تحت وزیر کے عہدے سے استعفیٰ وزیر اعلیٰ کو بھجوا دیا ہے۔ اس کے علاوہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ہونے کے ناطے انہوں نے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی کو بھی اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔ ای ڈی نے عالمگیر عالم کو ٹینڈر کمیشن گھوٹالہ معاملے میں 15 مئی کو رانچی سے گرفتار کیا تھا، یاد رہے کہ عالمگیرعالم پاکور اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے ایم ایل اے ہیں۔ بتا دیں کہ ان کی گرفتاری سے چند دن پہلے ای ڈی نے ان کے پی ایس سنجیو لال اور ان کے پرسنل اسسٹنٹ جہانگیر عالم کے گھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے برآمد کیے تھے۔
 
عالمگیر عالم کے استعفیٰ کے بعد اب وزیر اعلیٰ سمیت کل 10 وزراء رہ گئے ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ جلد ہی کابینہ میں توسیع کی جائے گی اور مسٹرعالم کی جگہ کانگریس کے کوٹے سے ہی کسی کو وزیر بنایا جائے گا، یاد رہے کہ کلپنا سورین کا نام بھی 12ویں وزیر کے طور پر زیر بحث ہے۔