Sunday, September 8, 2024 | 1446 ربيع الأول 05
World

وزیر خارجہ جے شنکر آج سے متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے

نئی دہلی: 23 جون (منصف ٹی وی) وزیر خارجہ ایس جے شنکر آج بروز یکشنبہ سے متحدہ عرب امارات کا سرکاری  دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ اپنے ہم منصب عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے اور کئی معاملات پر بات چیت کریں گے۔ خیال رہے کہ دوطرفہ امور کے علاوہ جے شنکر اور النہیان کے درمیان غزہ کی مجموعی صورتحال پر بات چیت متوقع ہے۔ اطلاع کے مطابق جے شنکر کا دورہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی پیشرفت کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات گزشتہ برسوں میں نمایاں طورپر بڑھے ہیں۔ اگست 2015 میں وزیراعظم نریندر مودی کے متحدہ عرب امارات کے تاریخی دورے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی طرف بڑھا دیا گیاہے۔