Monday, September 16, 2024 | 1446 ربيع الأول 13
Politics

جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کیلئے بی جے پی نے 44 امیدواروں کی پہلی فہرست کی جاری

جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ تمام جماعتوں نے اپنے امیدواروں کا اعلان شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں بی جے پی نے 44 امیدواروں کی پہلی فہرست بھی جاری کی ہے۔ جموں و کشمیر میں 90 اسمبلی سیٹوں پر انتخابات ہونے ہیں۔ 2019 میں جموں و کشمیر کی ریاست کے خاتمے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ یہاں اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں۔ جموں و کشمیر میں آخری بار انتخابات 2014 میں ہوئے تھے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ 25 اگست کو ہوئی تھی۔ کمیٹی نے ان 44 ناموں پر اپنی منظوری کی مہر لگا دی ہے۔ اس کے بعد آج صبح یہ فہرست جاری کی گئی،
جس کے تحت 'ارشد بھٹ' راجپورہ سے الیکشن لڑیں گے جبکہ جاوید احمد کو شوپیاں سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ رفیق وانی اننت ناگ ویسٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ اسی طرح سید وجاہت اننت ناگ، کشتواڑ سے شگن پریہار اور ڈوڈہ سے گجے سنگھ رانا میدان میں اتریں گے۔ بی جے پی نے نرمل سنگھ کو ٹکٹ نہیں دیا۔ بی جے پی نے وادی میں 2 کشمیری پنڈتوں کو ٹکٹ دیا ہے۔ کشمیری ہندو اشوک بھٹ کو سری نگر کے حبکدل سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ اس سیٹ پر کشمیری ہندو ووٹرز کی تعداد زیادہ ہے۔ اس سے قبل عام آدمی پارٹی نے سات امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی جبکہ غلام نبی آزاد کی پارٹی نے بھی 13 نشستوں پر امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔تاہم کانگریس۔ نیشنل کانفرنس اور محبوبہ مفتی کی پی ڈی پی نے ابھی تک اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیاہے۔ واضح رہے کہ اس سال جموں و کشمیر میں تین مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ 18 ستمبر کو ہوگی۔ دوسرے اور تیسرے مرحلے کی ووٹنگ 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔