Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Politics

جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی چمپائی سورین 30 اگست کو بی جے پی میں ہوں گے شامل

جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی چمپائی سورین نے کل 26 اگست کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ 
چمپائی سورین وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سے ہی ناراض چل رہے ہیں،گزشتہ دنوں انہوں نے نئی پارٹی بنانے کا اعلان بھی کیا تھا، مگر اب چمپائی سورین 30 اگست کو بی جے پی میں شامل ہوں گے۔
ملاقات کے دوران آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے علاوہ چمپائی سورین کے بیٹے بابولال سورین بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے خود تصویر سوشل میڈیا پر جاری کر کے گزشتہ کئی دنوں سے چل رہی سیاسی قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا۔
اسے جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور انڈیا الائنس کے لیے بڑا سیاسی جھٹکا سمجھا جا رہا ہے۔ اس سے قبل لوک سبھا انتخابات کے دوران جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے سربراہ شیبو سورین کی بڑی بہو سیتا سورین بی جے پی میں شامل ہوگئی تھیں۔ اس کے علاوہ کولہن کی سیاست میں اثر و رسوخ رکھنے والے سابق وزیر اعلیٰ مدھو کوڈا کی اہلیہ گیتا کوڈا نے بھی بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
آسام کے سی ایم ہیمنت بسوا سرما نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ جانکاری دی کہ جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی اور ہمارے ملک کے بزرگ قبائلی رہنما چمپائی سورین نے کچھ دیر پہلے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔"سرما نے بتایا کہ چمپائی سورین 30 اگست کو رانچی میں بی جے پی میں شامل ہوں گے۔
ساتھ ہی بتا دیں کہ ہیمنت سورین حکومت میں وزیر چمپائی سورین نے حال ہی میں جے ایم ایم کے خلاف بغاوت کی تھی۔ اس کے بعد سے ان کے اگلے قدم کو لے کر کئی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ بی جے پی میں شامل ہونے کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ تمام متبادل  پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے نئی پارٹی بنانے کی بات بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ جھارکھنڈ ٹائیگر کے نام سے مشہور چمپائی سورین 2 فروری کو وزیر اعلیٰ بنے۔ انہوں نے ہیمنت سورین کے استعفیٰ کے بعد جھارکھنڈ کا چارج سنبھالا۔ تاہم ہیمنت سورین کی جیل سے رہائی کے بعد انہیں استعفیٰ دینا پڑا۔ ہیمنت سورین دوبارہ وزیر اعلیٰ بن گئے۔ چمپائی سورین نے اس ردوبدل پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ چمپائی نئی حکومت میں وزیر ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ جلد ہی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔