Monday, September 16, 2024 | 1446 ربيع الأول 13
Politics

جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے انڈیا اتحاد نے امیدواروں کی پہلی لسٹ کی جاری

جموں و کشمیر میں جلد ہی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ ایسے میں کانگریس نے انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 9 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی نے جنرل سکریٹری غلام احمد میر کو دورو سے اور سابق یونٹ سربراہ وقار رسول وانی کو بانہال سے نامزد کیا ہے۔ کانگریس نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم پر سمجھوتہ کرنے کے بعد یہ فہرست جاری کی ہے۔
ساتھ ہی کانگریس نے ترال سے سریندر سنگھ چنی، دیوسر سے امانت اللہ منٹو، اننت ناگ سے پیرزادہ محمد سید، اندروال سے شیخ ظفر الدین، بھدرواہ سے ندیم شریف، ڈوڈہ سے شیخ ریاض اور پردیپ کمار بھگت کو ٹکٹ دیا ہے۔
اسکے علاوہ نیشنل کانفرنس نے بھی اسمبلی انتخابات کے لیے 18 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ جس میں قابل ذکر نام ریٹائرڈ جسٹس حسین مسعودی کو پامپور سے، محمد خلیل بندہ کو پلوامہ سے، عبدالمجید لارمی کو اننت ناگ ویسٹ سے، خالد نجیب سہروردی کو ڈوڈہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس اور نیشنل کانفرنس (این سی) کے درمیان اتحاد کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ دونوں جماعتوں نے سیٹ شیئرنگ فارمولے کو بھی حتمی شکل دی ہے۔ جس کے تحت 90 سیٹوں میں سے کانگریس 32 سیٹوں پر اور نیشنل کانفرنس51 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔اسی دوران کانگریس 9 اور نیشنل کانفرنس نے 18 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔
ساتھ ہی دونوں پارٹیاں 5 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کریں گی۔ یہ ایک دوستانہ مقابلہ ہوگا۔ جبکہ اتحادیوں کے لیے دو نشستیں چھوڑی گئی ہیں۔