Monday, September 16, 2024 | 1446 ربيع الأول 13
Regional

ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش میں سیلاب کا قہر جاری، ٹرینیں منسوخ

ملک کے کئی ریاستوں میں سیلاب کا قہر جاری ہے۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے سیلاب جیسی سنگین صورتحال بنی ہوئی ہے۔ جس میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جان و مال کا شدید نقصان ہوا ہے۔ سڑک پر گاڑیوں اور ٹرین کی آمدورفت رک گئی ہے۔
ساؤتھ سنٹرل ریلوے (ایس سی آر) کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شدید بارش اور کئی مقامات پر پٹریوں پر پانی بھر جانے کی وجہ سے 99 ٹرینیں منسوخ اور چار ٹرینوں کو جزوی طور پر منسوخ کر دیا گیا، جبکہ 54 ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا۔
دونوں ریاستوں میں ندیاں اوپر بہہ رہی ہیں اور حیدرآباد اور وجئے واڑہ جیسے شہروں سمیت وسیع علاقے زیر آب آگئے ہیں، نیشنل ڈیزاسٹر ٹیم نے ہزاروں لوگوں کو محفوظ کرتے ہوۓ ریلیف کیمپوں میں منتقل کر دیا ہے۔
چیف پراجکٹ منیجر سبرامنیم نے کہاکہ شدید بارش کی وجہ سے ریلوے ٹریک بہہ گیا جس کی آج مرمت کی جارہی ہے اور جلد ہی اس روٹ پر تمام ٹرینوں کو بحال کردیا جائے گا۔
وزیرداخلہ امت شاہ نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے وزرائے اعلیٰ کو ان کی ریاستوں میں شدید بارش کے بعد پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنے کیلئے مرکز سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تلنگانہ کے سی ایم ریونت ریڈی نے اتوار کو ایک ہنگامی میٹنگ بلائی تھی۔ اس کے ساتھ ہی حیدرآباد میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہر کے کئی مقامات پر پانی بھر گیا ہے۔ انتظامیہ نے تمام سکول بند کر دیے ہیں۔ 
اسکے علاوہ آندھرا پردیش کے سی ایم چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ 17000 لوگوں کو 107 ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1.1 لاکھ ہیکٹر زرعی رقبہ اور 7,360 ہیکٹر باغبانی کے رقبے کو نقصان پہنچا ہے۔
موسلا دھار بارش کی وجہ سے سیلابی پانی نے دیہاتوں کے درمیان سڑک کا رابطہ منقطع کر دیا ہے۔ تیز بارش اور آندھی کے باعث کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ کئی درختوں کی شاخیں ٹوٹ کر سڑکوں پر گر گئیں۔