Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Regional

تلنگانہ:بی جے پی نے چیف منسٹر کا چیلنج کیا قبول! قائدین آج رات موسیٰ ندی کے علاقوں میں گزاریں گے

تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے بی جے پی قائدین موسیٰ ندی کے ایریا میں کچی بستیوں میں قیام کریں گے۔ آج شام 4 بجے سے کل صبح 9 بجے تک بی جے پی کے 20 اہم رہنما مختلف مقامات پر قیام کریں گے۔ 
یہ قائدین رات کا کھانا۔ رات کی نیند اور اگلے دن کا ناشتہ اسی مقام پر کریں گے۔ بی جے پی ذائع کے مطابق یہ تمام قائدین موسیٰ ندی کے آس پاس کے لوگوں کے ساتھ رہیں گے اور ان کے مسائل جان کر انہیں حوصلہ دیں گے۔
اطلاعات کے مطابق کشن ریڈی عنبرپیٹ کے تلسی رام نگر میں قیام کریں گے جبکہ رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر ایل بی نگر کے گنیش نگر میں قیام کریں گے۔ اسی طرح راجندر نگر کے حیدرشا کوٹہ میں کونڈا وشویشور ریڈی۔
 افضل گنج میں رہائشی ہاؤسنگ بستی میں بی بی پاٹل رات بھر قیام کریں گے۔ اس کے علاوہ متعلقہ علاقوں کے مقامی رہنما بھی ان کے ساتھ رہیں گے۔
 واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موسیٰ ندی کی بحالی کے کاموں کو ضروری قرار دیتے ہوئے اپوزیشن قائدین کو چیلنج کیا تھاکہ وہ کچھ  وقت موسیٰ ندی کے قریب گزاریں جس سے انہیں یہاں کی گندگی کا پتہ چلے گا۔ 
اس دوران کانگریس کے ایم ایل سی وینکٹ بالمور نے بی جے پی قائدین کی جانب سے موسیٰ ندی کے قریب رات گزارنے کے فیصلہ پر تنقید کی۔ کانگریس لیڈر نے بی جے پی قائدین پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ انہیں ایک تعمیری پالیسی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی قائدین کو چاہئے کہ وہ حکومت کے ساتھ بیٹھے اور اس پر بات کرے۔ بی جے پی تلنگانہ میں ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے۔