ای ڈی نے اوکھلا سے عام آدمی پاٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کو گرفتار کر لیا ہے۔
مرکزی ایجنسی نے پیر کی صبح عآپ لیڈر کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ایم ایل اے امانت اللہ خان نے خود ای ڈی کی کارروائی کی جانکاری دی۔
بتا دیں کہ ای ڈی کی ٹیم آج صبح عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے امانت اللہ خان کے گھر پہنچی۔ ای ڈی کے ٹیم نے کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد امانت اللہ کو گرفتار کیاہے۔ تلاشی آپریشن کے بعد ای ڈی کی ٹیم نے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے کو اپنے ساتھ لے گئی۔ امانت اللہ خان نے اپنی گرفتاری سے متعلق خدشہ کا پہلے ہی اظہار کردیا تھا۔ امانت اللہ خان نے کہاکہ ای ڈی کے لوگ سرچ وارنٹ کے نام پر مجھے گرفتار کرنے میری رہائش گاہ پر آئے ہیں۔ سرچ وارنٹ کے نام پر ان کا مقصد صرف مجھے گرفتار کرناہے۔ انہوں نے کہاکہ نہ صرف مجھے بلکہ میری پوری پارٹی کو ہراساں کیاجا رہاہے۔ ان کا مقصد صرف مجھے اور میری پارٹی کو توڑناہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ جو بھی کام ادھورا ہے وہ میری ٹیم اور میری حکومت کرے گی۔ مجھے پورا یقین ہے کہ جس طرح ہمیں پہلے بھی عدالت سے انصاف ملا ہے اسی طرح دوبارہ بھی انصاف ملے گا۔
امانت اللہ خان کے گھر پر ای ڈی ٹیم کے پہنچنے کے سلسلے میں عآپ رہنماؤں کا بھی رد عمل سامنے آیا۔ منیش سسودیا نے اس پر کہا کہ ای ڈی کا بس یہی کام رہ گیا ہے، بی جے پی کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو خاموش کردو، جو ٹوٹے نہیں، دبے نہیں اسے گرفتار کرکے جیل میں ڈال دو۔ پارٹی کے سینئر رہنما سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ ای ڈی کا ظلم دیکھیے، امانت اللہ خان پہلے ای ڈی کی جانچ میں شامل ہوئے، ان سے آگے کے لیے وقت مانگا۔ ان کی ساس کو کینسر ہے، ان کا آپریشن ہوا ہے، اس درمیان ای ڈی نے صبح سویرے ان کے گھر پر دھاوا بول دیا۔