Monday, September 16, 2024 | 1446 ربيع الأول 13
Politics

پیار کی آواز ملک کے ہر گوشے میں سنی جائے، بھارت جوڑو یاترا کے 2 سال مکمل ہونے پرراہل گاندھی

بھارت جوڑو یاترا کو آج دو سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس موقع پرلوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے یاترا کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوۓ دلوں کو چھو لینے والی باتیں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہمارا مقصد یہی ہے کہ مادر وطن کی آواز، پیار کی آواز ملک کے گوشے گوشے میں سنی جائے۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا، ’’بھارت جوڑو یاترا نے مجھے خاموشی کی خوبصورتی سکھائی۔ میں نے خوش گوار ہجوم اور نعروں کے درمیان شور کو نظر انداز کرنے اور اپنے ساتھ والے شخص پر پوری طرح توجہ مرکوز کرنے کی طاقت کا پتہ لگایا۔
مزید انہوں نے لکھا کہ ’’ان 145 دنوں میں اور اس کے بعد کے دو سالوں میں، میں نے مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں ہندوستانیوں کو سنا۔ ہر آواز میں علم ہے، مجھے کچھ نیا سکھایا اور ہر آواز نے ہمارے پیارے مادر وطن ہندوستان کی نمائندگی کی۔‘‘
راہل گاندھی نے کہا، ’’اس سفر سے یہ ثابت ہوا کہ ہندوستان میں فطری طور پر محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ جب میں نے یہ سفر شروع کیا تھا تو میں نے کہا تھا کہ محبت نفرت پر فتح حاصل کرے گی اور امید خوف کو شکست دے گی، آج بھی ہمارا مشن یہی ہے- اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پیار کی آواز مادر وطن کی آواز ہمارے  ملک کے گوشے گوشے میں سنی جائے۔