ہندوستانی ریلوے نے سابق پہلوان بجرنگ پونیا اور ونیش پھوگاٹ کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ گزشتہ دنوں دونوں پہلوانوں نے ریلوے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اب یہ دونوں سیاست میں قدم رکھتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت بھی اختیار کر چکے ہیں۔ ونیش پھوگاٹ کو جہاں ایک طرف ہریانہ کے جولانہ سے پارٹی کا انتخابی ٹکٹ ملا ہے وہیں دوسری طرف بجرنگ پونیا کسان کانگریس کے ورکنگ چیئرمین بنائے گئے ہیں۔
دونوں کھلاڑیوں کی کانگریس میں شمولیت کو لے کر سیاسی بیانات بھی دیے جا رہے ہیں۔ بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ نے ونیش پھوگاٹ پر بے ایمانی سے اولمپک میں جانے کا الزام لگایا تھا۔
برج بھوشن کے اس الزام کے جواب میں ونیش نے کہا تھا کہ میرے لیے ان کا کوئی وجود نہیں ہے۔
ونیش پھوگٹ، بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک سمیت کئی پہلوان راجدھانی دہلی میں برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دھرنے پر بیٹھے تھے۔
گزشتہ سال ونیش پھوگٹ ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج میں ایک چہرے کے طور پر سامنے آئی تھیں۔
برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کا الزام تھا۔ تاہم برج بھوشن ان الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔
سال 2023 میں برج بھوشن سنگھ کے خلاف سال بھر احتجاج جاری رہا۔ اس دوران ایسے مناظر بھی دیکھنے کو ملے جو کھیل کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔
پہلوان بجرنگ پونیا اور ونیش پھوگٹ نے اپنے سرکاری ایوارڈ 'کھیل رتن' اور 'ارجن ایوارڈ' دہلی کے فٹ پاتھ پر چھوڑے تھے۔ دونوں پہلوانوں نے پولیس سے اسے وزیر اعظم کے حوالے کرنے کی درخواست کی تھی۔