Sunday, September 8, 2024 | 1446 ربيع الأول 05
Politics

راہل گاندھی 18ویں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کریں گے

نئی دہلی: 26 جون (منصف ٹی وی) 25 جون بروز منگل کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر ہونے والی انڈیا بلاک کی میٹنگ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ لوک سبھا میں راہل گاندھی اپوزیشن کی قیادت کریں گے، اس ضمن میں پروٹیم اسپیکر بھرتری مہتاب کو مکتوب بھی بھیجا گیا ہے، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی 18ویں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف کا کردار ادا کریں گے۔ یہ فیصلہ منگل کو دہلی میں ہونے والی انڈیا الائنس کی میٹنگ میں کیا گیا ہے، کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ایک بیان میں اس فیصلے کی جانکاری دی ہے۔ واضح رہے کہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ گزشتہ 10 سالوں سے خالی ہے، کیونکہ گزشتہ دو عام انتخابات میں کانگریس کو اپوزیشن لیڈر کے لیے مطلوبہ تعداد میں سیٹیں نہیں ملی تھیں، اب 10 سال بعد راہل گاندھی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کریں گے۔
 یہ فیصلہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر انڈیا الائنس کے رہنماؤں کی میٹنگ میں لی گئ ہے، جس میں راہل گاندھی کو لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ راہل گاندھی کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے کانگریس کی جانب سے پروٹم اسپیکر کو خط بھی لکھا گیا ہے۔ یاد رہے کہ کانگریس سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی ہونے کے ناطے 10 سال کے وقفے کے بعد اپوزیشن لیڈر کا عہدہ حاصل کر رہی ہے۔ پچھلے دو انتخابات میں یہ عہدہ حاصل کرنے کے لیے لوک سبھا میں مطلوبہ 10 فیصد ارکان حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی۔ راہل گاندھی پانچ بار رکن پارلیمنٹ رہے ہیں اور فی الحال لوک سبھا میں رائے بریلی حلقے کی نمائندگی کر رہے ہیں، انہوں نے منگل کو آئین کی ایک کاپی تھامے رکن پارلیمنٹ کے طور پر حلف لیا۔