Thursday, September 19, 2024 | 1446 ربيع الأول 16
Politics

راجستھان کے الور سے کانگریس ایم ایل اے زبیر خان کا انتقال

کانگریس ایم ایل اے زبیر خان کا راجستھان میں آج 14 ستمبر ہفتہ کو انتقال ہوگیا ہے۔ انہوں نے اپنے فارم ہاؤس میں صبح 5.50 بجے آخری سانس لی۔ الور کے رام گڑھ سے کانگریس ایم ایل اے زبیر خان گزشتہ ڈیڑھ سال سے بیمار تھے۔ ڈاکٹروں نے 15 دن پہلے ہی جواب دے دیا تھا۔ انہیں آج شام 5 بجکر 50 منٹ پر سپرد خاک کیا جائے گا۔
زبیر خان یکم اگست 1962 کو پیدا ہوئے۔ وہ راجستھان کانگریس کے مضبوط لیڈر تھے اور چار بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ زبیر خان سال 2018 میں میوات ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین بھی منتخب ہوئے تھے۔
انہوں نے اپنی اہلیہ صفیہ کو الیکشن لڑوایا جس میں صفیہ 11 ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیاب ہوئیں۔ تاہم سال 2023 میں زبیر نے خود کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔ 
وہ 20 ہزار سے زائد ووٹوں سے جیتے تھے لیکن اس وقت ان کی طبیعت خراب بتائی جاتی تھی۔ اب ان کا انتقال ہوگیا ہے۔ راجستھان کانگریس میں زبیر کا بڑا قد تھا۔ انہیں تنظیم میں بڑی ذمہ داریاں مل چکی ہیں۔
زبیر خان 1990، 1993 اور 2003 میں کانگریس کے ٹکٹ پر اسمبلی پہنچے تھے۔ انہوں نے سال 1998، 2008 اور 2013 میں کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا، لیکن انہیں بی جے پی کے گیان دیو آہوجا نے شکست دی۔ 
الور ضلع میں زبیر کانگریس کا ایک مضبوط ستون تھا۔ 61 سال کی عمر تک، وہ NSUI سے کانگریس میں نیشنل سکریٹری تک کا سفر کر چکے ہیں۔ انہیں یوپی میں بھی بڑی ذمہ داری دی گئی تھی۔ زبیر خان جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ یونین کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔