گجرات:2 جولائی (منصف ٹی وی) گجرات کے سورت میں ہفتہ کی آدھی رات سے اتور کی صبح تک بارش کی وجہ سے افرا تفری مچ گئی ہے، آئی ایم ڈی کے مطابق سوراشٹرا سے متصل شمال مشرقی بحیرہ عرب میں طوفانی گردش کی وجہ سے گجرات میں بارش ہو رہی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تیز بارش کی وجہ سے سورت، بھج، واپی، بھروچ اور احمد آباد کے شہروں میں پانی جمع ہوگیا اور نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہوئی ہے جس سے کچھ سڑکیں زیر آب آگئے۔ سورت ضلع کے پلسانہ تعلقہ میں صرف دس گھنٹے میں 153 ملی میٹر بارش ہوئی جو ریاست میں سب سے زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ چار روز تک جاری رہے گا اسکے علاوہ چھ جولائی تک بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ سورت سمیت بھروچ، نوساری، ولساڈ، دمن دادرا اور حویلی نگر، بھاؤ نگر، امریلی اور بوٹاڈ میں اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اسکے علاوہ بناسکانٹھا، احمدآباد، گاندھی نگر، آنند، وروڈرا، چھوٹا ادے پور، پنچ محل، نرمدا، تاپتی، ڈانکس، کچھ، موربی، سریندر نگر، جام نگر، پوربندر، راجکوٹ، جوناگڑھ، سومناتھ میں یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے