جیل میں بند رکن پارلیمنٹ شیخ عبدالرشید کودہلی کی ایک عدالت نے 5 جولائی کو رکن پارلیمان کی حیثیت سے حلف اٹھانے کی اجازت دے دی ہے۔
انجینئررشید کو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے 2 گھنٹے کی پیرول کی منظوری دی ہے۔ جس کے بعد انجیںئر رشید اب 5 جولائی کو پارلیمنٹ میں بطور رکن لوک سبھا کا حلف اٹھائیں گے ۔ یاد رہے کہ انجینئر رشید نے بطور رکن پارلیمنٹ حلف لینے کے لیے عبوری ضمانت یا حراستی پیرول کی عدالت سے مانگ کی تھی،جس کے بعد این آئی اے نے اپنی رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت کل بروز منگل 2جولائ کو پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے فیصلہ دیتے ہوۓ انجینئررشید کوحلف اٹھانے کی اجازت دے دی ہے۔
واضح رہے کہ انجینئر رشید دہشت گردی کی فنڈنگ کے معاملے میں 2017 سے تہاڑ جیل میں بند ہیں، انجینئر رشید نے لوک سبھا انتخابات 2024 میں جیل سے ہی بارہمولہ نشست کے لیے بحیثیت آزاد امیدوار الیکشن میں شرکت کی اور انہوں نے قریب پانچ لاکھ ووٹ لے کرسابق وزیراعلی عمرعبداللہ سمیت سجاد غنی لون کو شکست دے کر بڑی جیت حاصل کی ہے۔