Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Politics

ایک بار پھر ہیمنت سورین لینگے وزیر اعلی کا حلف

 ہیمنت سورین مبینہ زمین گھوٹالہ کیس میں ضمانت پر جیل سے رہا ہو گئے ہیں۔ اب وہ ایک بار پھر جھارکھنڈ میں اقتدار کی کرسی پر بیٹھنے جا رہے ہیں، جب کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات میں صرف چند ماہ باقی ہیں۔ ہیمنت کے جیل سے باہر آنے کے بعد یہ چرچا تھی کہ چمپائی سورین الیکشن تک وزیر اعلیٰ رہیں گے اور ہیمنت پارٹی کا کام دیکھیں گے۔ 
مگر ان تمام سوالوں کو ختم کرتے ہوۓ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے کارگزار صدر ہیمنت سورین ایک بار پھر سے جھارکھنڈ کے 13ویں وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں۔ چمپائی سورین نے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے جس کے بعد ہیمنت سورین  نے نئی حکومت بنانے کا دعویٰ بھی پیش کر دیا ہے۔
اس دعوے کے ساتھ ہی ہیمنت سورین آج ہی شام میں جھارکھنڈ کے وزیر اعلی کے طورپر حلف لیں گے۔
ہیمنت سورین کو دوبارہ وزیر اعلی بنانے کا فیصلہ جے ایم ایم، کانگریس اور آر جے ڈی پر مشتمل انڈیا بلاک ایم ایل ایز کی میٹنگ میں متفقہ طور پر لیا گیاہے۔
بی جے پی کو اندازہ بھی نہیں تھا کہ ہیمنت سورین جیل سے باہر آنے کے ایک ہفتے کے اندر ہی وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے لیے تیار ہو جائیں گے۔ 
واضح رہے کہ ہیمنت سورین کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ای ڈی نے 31 جنوری 2024 کو مبینہ زمین گھپلہ معاملے میں گرفتار کیا تھا،اپنی گرفتاری سے قبل  وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے 31 جنوری 2024 کی رات کو راج بھون جاکر گورنر سی پی رادھا کرشنن کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا تھا۔ جس کے بعد چمپائی سورین کو نیا وزیر اعلیٰ بنایا گیا تھا۔ چمپائی سورین نے 2 فروری 2024 کو جھارکھنڈ کے 12ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔