Sunday, September 8, 2024 | 1446 ربيع الأول 05
Politics

ہیمنت سورین نے اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ کیاحاصل

جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین نے اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے۔  اسمبلی میں ہیمنت سرکار کے حق میں 45 ووٹ پڑے۔ جبکہ مخالفت میں صفر ووٹ پڑے۔ ووٹنگ سے قبل اعتماد کی تحریک پر بحث کا جواب دیتے ہوئے ہیمنت سورین نے بی جے پی کو سخت نشانہ بنایا۔ انہوں نے بی جے پی پر مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام لگایا۔
بتا دیں کہ ہیمنت سورین نے 3 جولائی کو حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا تھا، جس کے بعد حکمراں جے ایم ایم-کانگریس-آر جے ڈی اتحاد نے 44 ایم ایل ایز کی حمایتی فہرست گورنر کو پیش کی تھی،
اسمبلی میں ہیمنت سورین کے  خطاب کے دوران  بی جے پی ارکان اسمبلی نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ ہیمنت سورین نے کہاکہ بی جے پی کے پاس نہ تو سوچ وفکر ہے اور نہ ہی کوئی ایجنڈا ہے بلکہ ان کے پاس صرف تحقیقاتی ایجنسیاں ہیں۔ ہیمنت سورین نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں ہم نے اپنی طاقت دکھائی ہے اور اب اسمبلی انتخابات باقی ہیں۔ ان کی یہ سازش کامیاب نہیں ہونے والی ہے۔ انہوں نے مزید یہ بھی کہاکہ میں چمپائی سورین کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے بے خوفی سے حکومت چلائی اور حکومت کو بچایا کیونکہ بی جے پی خرید و فروخت کے ذریعہ حکومت گرانا چاہتی تھی۔