Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Politics

ہریانہ میں نہیں ہونے دیں گے مسلم ریزرویشن:وزیر داخلہ امت شاہ کا بیان

وزیر داخلہ امت شاہ نے ہریانہ کے مہیندر گڑھ میں پسماندہ طبقات کے اعزازی کانفرنس میں خطاب کررہے تھے۔ جہاں انہوں نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے مسلمانوں کو ریزرویشن دینے کا مسئلہ اٹھایا۔
شاہ نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک میں پسماندہ طبقات کا ریزرویشن چھین کر مسلمانوں کو دے دیا ہے،اگروہ ہریانہ میں آتے ہیں تو یہاں بھی ایسا ہی کریں گے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہریانہ میں مسلم ریزرویشن نہیں ہونے دیں گے۔
مزید انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی نے 1980 میں منڈل کمیشن کو پس پشت ڈال دیا تھا اور جب اسے 1990 میں نافذ کیا گیا تو راجیو گاندھی نے پارلیمنٹ میں اپنے 2 گھنٹے 43 منٹ کی تقریر میں او بی سی کے ریزرویشن کی مخالفت کی تھی۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ کانگریس نے ہریانہ کو ذات پرستی اور بدعنوانی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ 
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ 2014 میں جب نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم بنے تو انہوں نے کہا تھا کہ میری یہ حکومت دلتوں، غریبوں اور پسماندہ لوگوں کی حکومت ہے۔ بی جے پی نے ملک کو پسماندہ طبقے سے پہلا مضبوط وزیر اعظم دینے کا کام کیا ہے۔
ساتھ ہی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ہریانہ میں بی جے پی حکومت نے او بی سی کیٹیگری کی مدد کے لیے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ نائب سنگھ سینی کی کابینہ نے ریاست میں کریمی لیئر کی حد 6 لاکھ سے بڑھا کر 8 لاکھ کر دی ہے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ اس 8 لاکھ روپے میں تنخواہ اور زرعی آمدنی کو شمار نہیں کیا جائے گا۔ جس کی وجہ سے اب ریاست میں او بی سی زمرہ کے تمام بچوں کو ریزرویشن کا فائدہ ملے گا۔