مشہور ملیالم اداکار موہن لال 3 اگست یعنی آج کیرالہ کے وائیناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد ہوۓ دردناک حادثہ کا جائزہ لینے پہنچے۔ اس دوران اداکار موہن لال فوجی وردی میں نظر آئے۔
بتا دیں کہ موہن لال علاقائی فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کے اعزازی عہدے پر فائز ہیں۔
موہن لال پہلے میپڈی میں ریلیف کیمپ پہنچے جہاں انہوں نے حکام سے بات کی اور پھر لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے کی طرف روانہ ہوگئے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے موہن لال نے کہا کہ جب آپ اوپر جا کر دیکھتے ہیں تو آپ کو اس واقعے کی گہرائی کا اندازہ ہوتا ہے۔
وہاں بہت کیچڑ ہے، یہ کہنا مشکل ہے کہ لوگ اب بھی وہاں پھنسے ہوئے ہیں یا نہیں۔
مزیر انہوں نے یہ کہا کہ میں راحت اور بچاؤ کے کام میں لگے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ ہندوستان کے سب سے بڑے المیہ میں سے ایک ہے۔
ساتھ ہی موہن لال نے کہا ہے کہ ہم نے جو کھودیا ہے اسے واپس تو نہیں پا سکتے ہیں۔ لیکن ہمیں یہ یقینی بنانا ہے کہ ہم ان لوگوں کے مستقبل کے لیے کس طرح مدد کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ کیرالہ کے وائیناڈ میں لینڈ سلائیڈنگ سے علاقے میں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ میں 200 کے قریب افراد ہلاک اور 200 سے زائد لاپتہ ہیں۔
وائیناڈ میں فوج بڑے پیمانے پر راحت اور بچاؤ کام کر رہی ہے۔
میپڈی اور چورمالا میں ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں اور متاثرین کو وہاں رکھا گیا ہے۔