Monday, September 16, 2024 | 1446 ربيع الأول 13
Politics

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی صدارت میں پارٹی کے سر کردہ لیڈروں کی میٹنگ،اہم نکات پر تبادلہ خیال

کانگریس صدر ملکار جن کھڑگے کی صدارت میں کانگریس پارٹی کی آج ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جہاں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، پارٹی کے جنرل سکریٹریوں،ریاستی انچارجوں اور ریاستی صدوراور دیگر اہم لیڈروں نے شرکت کی۔
اس میٹنگ میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ ملک میں در پیش مختلف چیلنجوں جیسے بے روز گاری اور مہنگائی جیسے اہم مسائل پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
جسکی جانکاری خود کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'اکس' پر پوسٹ کرتے ہوۓ لکھا کہ! ہم نے انتخابی تیاریوں کے لیے تنظیمی امور اور قومی اہمیت کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹریز، انچارجز اور پردیش کانگریس کمیٹی کے صدور کی میٹنگ بلائی اور تبادلہ خیال کیا،
کہ! سیبی اور اڈانی کے درمیان گٹھ جوڑ کے چونکا دینے والے انکشافات کی مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں چھوٹے سرمایہ کاروں کا پیسہ خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔ مودی حکومت کو فوری طور پر سیبی کے چیئرپرسن کا استعفیٰ طلب کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں ایک جے پی سی تشکیل دینا چاہیے۔ 
ساتھ ہی بے روزگاری اور بے قابو مہنگائی اور گھریلو بچت کی کمی کے اہم مسائل ہماری توجہ کا مرکز ہیں۔ غریب اور متوسط ​​طبقے کو دھوکہ دیا گیا ہے۔
 
 پوسٹ میں کھڑگے نے لکھا کہ آئین پر حملہ بلا روک ٹوک جاری ہے۔ مردم شماری عوام کا مطالبہ ہے۔ 
کانگریس پارٹی کسانوں کے لیے ایم ایس پی کی قانونی ضمانت کی مانگ میں اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔ ہمارے محب وطن نوجوانوں پر مسلط اگنی پتھ اسکیم کو ختم کیا جانا چاہیے۔ 
اسکے علاوہ ملکارجن کھڑگے نے ٹرینحادثات کا ذکر کرتے ہوۓ لکھا کہ ٹرینوں کا پٹری سے اترنا ایک معمول بن گیا ہے جس سے کروڑوں مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ آب وہوا سے متعلق آفات اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی بھی تشویش کا باعث ہے۔ ہم ان مسائل کے گرد ایک قومی مہم ترتیب دیں گے اور لوگوں کے پاس جائیں گے۔