Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Regional

حیدرآباد کے پرانے شہر میں ماحول خراب کرنے کی ایک اور کوشش

حیدرآباد کے پرانے شہر میں رین بازار پولیس اسٹیشن کے حدود میں اتوار کی رات اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کردہ فرقہ وارانہ مواد کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے ایک بڑی بھیڑ جمع ہوگئی۔
کچھ لوگوں نے ٹھاکر نامی شخص کے اکاؤنٹ پر پوسٹ کو دیکھا اور اس کے خلاف شکایت درج کرانے کے لیے پولیس سے رجوع کیا۔ اس خبر کے پھیلتے ہی لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوا جس سے امن و امان کی ممکنہ خرابی کے خدشات بڑھ گئے۔
اس دوران ساؤتھ زون کی ڈی سی پی اسنیہا مہرا نے کہا کہ شکایت درج کرائی گئی ہے اور فرد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس کی تلاش کر رہے ہیں اور جلد ہی اسے گرفتار کر لیں گے۔ انہوں نے لوگوں سے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی۔
 اطلاعات کے  مطابق یہ مسئلہ رات گیارہ بجے شرروع ہوا اور صبح تین بجے تک جاری رہا۔ یہاں تک کہ پولیس کی گشتی ٹیموں نے ان نوجوانوں کو منتشر کر دیا جو سڑک پر کھڑے تھے اور اس شخص کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔