کانگریس نے اتوار 27 اکتوبر کو مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے لیے 14 امیدواروں کی ایک اور فہرست جاری کی ہے۔ کانگریس نے اندھیری ویسٹ اور اورنگ آباد سیٹوں سے اپنے امیدوار تبدیل کیے ہیں۔ سچن ساونت کی جگہ کانگریس نے اب اندھیری ویسٹ سے اشوک جادھو کو ٹکٹ دیا ہے۔
کانگریس نے اس سے قبل امیدواروں کی تین فہرستیں جاری کی ہیں۔
کانگریس نے پنڈھارپور سے بھاگیرتھ بھلکے کو میدان میں اتارا۔ وہیں اورنگ آباد سے لاہو شیوالے کو مدھوکر کشن راؤ دیشمکھ کی جگہ میدان میں اتارا گیا ہے۔
اس کے علاوہ املنر سے انیل شندے، عمریڈ سے سنجے میشرم اور آرموری سے رام داس مسرا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ کانگریس نے پہلی فہرست میں 48 امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ دوسری فہرست میں 23 اور تیسری فہرست میں 16 امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری دی تھی اور اب 41 امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔
کانگریس نے آج جن 14 اسمبلی سیٹوں کے لیے امیدوار کھڑے کیے ہیں، ان میں سے شیوسینا نے ایک سیٹ، سولاپور ساؤتھ سے اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا ہے، جب کہ کانگریس نے دلیپ مانے کو اسی سیٹ کے لیے امیدوار بنایا ہے۔
ایسے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کیا سولاپور جنوبی میں کانگریس اور ٹھاکرے دھڑے کے درمیان دوستانہ مقابلہ ہوگا؟ یا ٹھاکرے گروپ اپنا امیدوار واپس لے لے گا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ مہاراشٹر اسمبلی کے لیے 20 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی۔ جبکہ نتائج 23 نومبر کو آئیں گے۔