جموں و کشمیر بی جے پی کے رکن اسمبلی دیویندر سنگھ رانا کا انتقال ہوگیا۔ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے علیل تھے۔ اور دہلی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے ۔
علاج کے دوران انہوں نے آخری سانس لی ۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی دیویندر سنگھ رانا کی موت پر جموںو کشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔
منوج سنہا نے ٹویٹ کیا کےمیں دیویندر سنگھ رانا کے بے وقت انتقال کے بارے میں جان کر بہت غمزدہ ہوں۔ ان کے انتقال سے ہم نے ایک محب وطن اور وسیع پیمانے پر قابل احترام رہنما کوکھو دیا ہے۔ جو جموں و کشمیر کے لوگوں کی بھلائی کے لیے پرعزم تھا۔
میں ان کے خاندان اور دوستوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔یاد رہے کہ دیویندر سنگھ رانا مرکزی وزیر جتیندر سنگھ کے چھوٹے بھائی ہیں۔
دیویندر سنگھ رانا حال ہی میں منعقدہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں نمایاں امیدواروں میں سے ایک تھے، انہوں نے نگروٹہ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے اپنے قریبی حریف جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (JKNC) کے جوگندر سنگھ کو 30,472 ووٹوں سے شکست دی۔
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ کے سابق اہم معاون رانا نے اکتوبر 2021 میں نئی دہلی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 2014 میں مودی لہر کے باوجود رانا نیشنل کانفرنس کا اہم ہندو چہرہ بنے رہے اور نگروٹا سیٹ سے الیکشن جیتے تھے۔