Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Regional

حضرت مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی سجادہ نشین گلبرگہ کا سانحہ ارتحال آج بعد نماز مغرب ادا کی جائیں گی نماز جنازہ

حضرت مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی سجادہ نشین روضہ بزرگ گلبرگہ اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر کا طویل علالت کے بعد 79 سال کی عمر میں جمعرات کی صبح انتقال ہوگیا ہے ۔ حضرت مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کے چانسلر بھی تھے۔
حضرت خسرو حسینی کی نماز جنازہ آج نماز مغرب مسجد روضہ بزرگ میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین احاطہ درگاہ میں عمل میں آئیگی۔ 
آخری دیدار کیلئے سینکڑوں لوگ  ان کی رہائش گاہ پر پہنچ رہے ہیں۔تعلیم کے میدان میں حضرت خسرو حسینی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
 آپ نے اپنے والد محترم کے قائم کردہ تعلیمی اداروں کو ترقی دیتے ہوئے ڈیمڈ یونیورسٹی کا درجہ دلوایا۔ حضرت خسرو حسینی 2007 سے روضہ بزرگ کے سجادہ نشین و متولی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے اپنے بڑے فرزند سید شاہ علی حسینی کو تولیت سونپ دی تھی۔
 حضرت مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی کے انتقال پر کرناٹک کے چیف منسٹر سدارمیا اور ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار نے اپنے گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا۔
 چیف منسٹر نے کہاکہ حضرت مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی  کا انتقال پوری ریاست کیلئے بڑا نقصان ہے۔ ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ حضرت مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی کی بلالحاظ مذہب و ملت کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔