Wednesday, November 13, 2024 | 1446 جمادى الأولى 11
Politics

جموں و کشمیر:آرٹیکل 370 کی بحالی سے متعلق قرارداد کو لیکر آج بھی ہوا ہنگامہ

جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں آرٹیکل 370 کی بحالی سے متعلق قرارداد کو لیکرآج تیسرے روز بھی زوردار ہنگامہ ہوا۔
 سیشن شروع ہوتے ہی قرارداد کی مخالفت اور حمایت میں ارکان نے ہنگامہ شروع کردیا۔ ایم پی انجینئر رشید کے بھائی اور عوامی اتحاد پارٹی کے ایم ایل اے خورشید احمد شیخ کو ایوان سے باہر کردیا گیا۔ ایوان میں ہنگامہ آرائی کے بعد پارٹی کے متعدد ممبران کو مارشل آؤٹ کرنے کے بعد بی جے پی اسمبلی سے واک آؤٹ ہو گۓ۔
دراصل، بی جے پی ایوان میں دفعہ 370 کے خلاف لائے گئے تجویز کی مسلسل مخالفت کر رہی ہے۔ آج ہنگامہ شروع ہونے کے بعد پی ڈی پی کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ سیشن شروع ہوتے ہی بی جے پی کے ممبران اسمبلی کھڑے ہو گئے اور پی ڈی پی اور اسپیکر کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے احتجاج شروع کر دیا۔
جمعرات کو بھی جموں و کشمیر اسمبلی میں زبردست ہنگامہ ہوا تھا۔ ایک طرف نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے ایم ایل اے تھے تو ان کے سامنے بی جے پی کے ایم ایل اے تھے۔ 
حکمراں پارٹی اور اپوزیشن بی جے پی کے ایم ایل ایز نے ایک دوسرے کا کالر پکڑا اور ایک دوسرے کو دھکا دیا اور آپس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ 
آپ کو بتا دیں کہ ایم ایل اے خورشید احمد شیخ نے ایوان میں آرٹیکل 370 واپس لینے کا بینر لہرایا تھا۔ بینر پر لکھا تھا، 'ہم آرٹیکل 370 اور 35A کی بحالی اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی چاہتے ہیں۔ بی جے پی ایم ایل اے اور اپوزیشن لیڈر سنیل شرما نے اس کی مخالفت کی اور اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی شروع کردی۔