Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Regional

تلنگانہ:کوڑنگل میں کسانوں کی گرفتاری پر بی آر ایس کا احتجاج

تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نمائندگی والے حلقہ کوڑنگل میں فارما کمپنی کے قیام کیلئے اراضی کا معاملہ میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا ہے۔ سابق وزیر ہریش راؤ نے اس واقعہ کے سلسلے میں لگاچرلا گاؤں والوں کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کیا۔
 ہریش راو نے لگاچرلا کے مکینوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا رویہ غیر انسانی ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 300 پولیس عہدیدار لگاچرلا گاؤں پہنچے اور گاؤں والوں کو گرفتار کیا۔ ہریش راو نے کہاکہ یہ دیکھنا اشتعال انگیز ہے کہ جو لوگ فارما کیلئے زمین دینے سے انکار کررہے ہیں انہیں پولیس سے دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
 حکومت کیلئے یہ مناسب نہیں کہ وہ پولیس کے ساتھ آدھی رات کو لوگوں کو گرفتار کرائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم حکومت کے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ عوام کی رائے کو جانے بغیر حصول اراضی کے پیچھے ریونت ریڈی کا کیا ارادہ ہے۔ 
ہریش راو نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے ذاتی مفادات کیلئے زمینوں پر قبضے فوری بند کیے جائیں۔ بی آر ایس لیڈر نے کہاکہ ہم دیہاتیوں اور کسانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں جو پولیس حراست میں ہیں۔
 واضح رہے کہ گذشہ روز وقارآباد کے ضلع کلکٹر۔ ایڈیشنل کلکٹر اور دیگر عہدیداروں نے فارما کمپنی کیلئے زمین کے حصول کے سلسلے میں کسانوں سے بات کرنے کی کوشش کی۔ تاہم کسانوں نے حکام کے خلاف نعرے بازی کی جس کے بعد حالات کچھ دیر کیلئے خراب ہوگئے تھے۔