مہاراشٹرا کی 288 رکنی اسمبلی کیلئے اس ماہ کی 20 تاریخ کو ووٹنگ ہوگی جبکہ انتخابی مہم آج شام پانچ بجے ختم ہوجائے گی۔ تمام سیاسی جماعتیں آج مہم کے آخری دن رائے دہندوں کو اپنی جانب راغب کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گی۔
مہارشٹرا میں اس وقت حکمراں مہا یوگی اور اپوزیشن اتحاد مہا وکاس اگھاڑی کے درمیان مقابلہ ہے۔ شیو سینا اور این سی پی میں دو گروپ بننے کے بعد یہ پہلی مرتبہ یہ انتخابات ہورہے ہیں۔ ایسے میں ان انتخابات میں خاص طورپر شیوسینا اور این سی پی کی طاقت کا مظاہرہ دیکھنے کو ملے گا۔ اس کےعلاوہ بی جے پی اور کانگریس بھی اپنی طاقت میں اضافہ کرنے کی ہرممکن کوششیں کررہی ہیں۔ بی جے پی کیلئے وزیراعظم نریندر مودی اور امیت شاہ کے علاوہ دیگر کئی اہم قائدین نے مہم چلائی جبکہ کانگریس کیلئے قومی صدر ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی نے مہم چلائی۔ راہول گاندھی آج انتخابی مہم کے آخری دن مہاراشٹرا میں ایک پریس کانفرنس کرنے والے ہیں۔ راہول گاندھی اس پریس کانفرنس کے بعد سیدھے جھارکھنڈ پہنچیں گے۔
اسکے علاوہ جھارکھنڈ میں بھی آج دوسرے مرحلہ کی رائے دہی سے قبل انتخابی مہم کا آخری دن ہے۔ جھارکھنڈ میں دوسرے مرحلہ کی رائے دہی چہارشنبہ 20 نومبر کو ہونے والی ہے۔ الیکشن کمیشن نے جھارکھنڈ میں دو مرحلوں میں ووٹنگ کرانے کا فیصلہ کیاتھا جس کے تحت یہاں پہلے مرحلہ میں 13 نومبر کو 43 سیٹوں کیلئے رائے دہی ہوچکی ہے اب یہاں دوسرے مرحلہ میں ماباقی سیٹوں کیلئے ووٹنگ ہوگی۔ جھارکھنڈ میں حکمراں جے ایم ایم نے پوری طاقت کے ساتھ مہم چلائی اور اس نے اس بات کا یقین ظاہر کیاہے کہ 23 تاریخ کو ووٹوں کی گنتی کے بعد ریاست میں ایک مرتبہ پھر اس کی حکومت بنے گی۔ ادھر دوسری جانب بی جے پی نے بھی اقتدار میں واپسی کیلئے اپنی پوری کوششیں کی ہیں۔ دریں اثنا الیکشن کمیشن نے دوسرے مرحلہ کی رائے دہی کیلئے سخت سیکوریٹی انتظامات کئے ہیں تاکہ پولنگ کے عمل کو پرامن طریقہ سے انجام دیا جاسکے۔