Sunday, November 24, 2024 | 1446 جمادى الأولى 22
Politics

ہیمنت سورین نے پیش کیا حکومت بنانے کادعویٰ، 28 نومبر کو حلف برداری کی تقریب

جے ایم ایم نے ایک بار پھر جھارکھنڈ میں بڑی جیت حاصل کی ہے۔ ہیمنت سورین کی حکومت ایک بار پھر ریاست میں لوٹ آئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ ہیمنت سورین نے اتوار (24 نومبر) کو گورنر سے ملاقات کی اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ حلف برداری کی تقریب جمعرات (28 نومبر) کو ہوگی۔ 
یہ تقریب رانچی کے مورہآبادی گراؤنڈ میں منعقد ہوسکتی ہے۔ اس حلف برداری کی تقریب میں انڈیا اتحاد میں شامل کئی جماعتوں کے سینئر رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ 
ساتھ ہی بتا دیں کہ انڈیا الائنس کے نو منتخب ایم ایل ایز کی میٹنگ آج وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر طلب کی گئی۔ جس میں ہیمنت سورین کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔
بتاتے چلیں کہ 2019 میں انڈیا اتحاد میں چار ایم ایل اے کے لیے ایک وزیر بنانے کا فارمولا تھا۔
 لیکن اس وقت آر جے ڈی کا صرف ایک سیٹ سے ایم ایل اے تھا۔ ایسے میں اس بار آر جے ڈی نے چار سیٹیں جیتی ہیں۔ ان کے ایک ایم ایل اے کو بھی وزیر بنایا جا سکتا ہے۔ اس بار 5 ایم ایل اے کے لیے ایک وزیر کا فارمولا بنایا جاسکتا ہے تو جے ایم ایم کے 6 ایم ایل اے اور کانگریس کے 3 سے 4 ایم ایل اے کو وزارتی عہدے مل سکتے ہیں۔ 
قابل ذکر ہے کہ انڈیا الائنس نے جھارکھنڈ میں 56 سیٹیں جیتی ہیں۔ انڈیا اتحاد میں شامل جھارکھنڈ مکتی مورچہ نے 34، کانگریس نے 16، آر جے ڈی نے چار اور سی پی آئی (ایم ایل) نے 2 نشستیں حاصل کی ہیں۔ وہیں بی جے پی 21 سیٹوں پر جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے، اس کے علاوہ ان کی اتحادی AJSU نے ایک سیٹ جیتی ہے اور LJP نے بھی ایک سیٹ جیتی ہے۔