Sunday, November 16, 2025 | 25, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • آر ایس ایس کارکن نے کی خودکشی،سوسائیڈ نوٹ میں بی جے پی لیڈروں پر لگائے سنگین الزام

آر ایس ایس کارکن نے کی خودکشی،سوسائیڈ نوٹ میں بی جے پی لیڈروں پر لگائے سنگین الزام

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Nov 16, 2025 IST

آر ایس ایس کارکن نے کی خودکشی،سوسائیڈ نوٹ میں بی جے پی لیڈروں پر لگائے سنگین الزام
 
کیرالہ کے تروواننت پورم ضلع کے ترککنن پورم علاقے سے ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 32 سالہ آر ایس ایس کارکن آنند تھمپی نے ہفتہ (15 نومبر 2025) کی شام خودکشی کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آنے والے لوکل باڈی انتخابات کے لیے بی جے پی ٹکٹ نہ ملنے اور مبینہ ذہنی ہراسانی کی وجہ سے انہوں نے یہ بڑا قدم اٹھا لیا۔
 
اے بی پی ہندی نیوز نے اے این آئی کی رپورٹ کے حوالہ سے لکھا کہ گھر والوں نے بتایا کہ تھمپی کو ہفتہ شام قریب 5:20 بجے ان کے گھر میں پھندے پر لٹکا پایا گیا۔ اس سے کچھ ہی دیر پہلے انہوں نے اپنے دوستوں کو واٹس ایپ کے ذریعے سوسائیڈ نوٹ بھیجا، جس میں انہوں نے مقامی بی جے پی اور آر ایس ایس لیڈروں کے خلاف سنگین الزامات لگائے۔
 
ٹکٹ نہ ملنے سے بڑھا تناؤ:
 
تھمپی ترککنن پورم وارڈ سے انتخابات لڑنا چاہتے تھے۔ جب بی جے پی نے انہیں ٹکٹ نہیں دیا تو انہوں نے آزاد امیدوار کے طور پر اترنے کا فیصلہ کیا۔ اسی کے بعد ان کے اور مقامی عہدیداروں کے درمیان تناؤ بڑھ گیا۔ انہوں نے اپنے سوسائیڈ نوٹ میں لکھا کہ مقامی لیڈروں کی طرف سے ان پر مسلسل دباؤ بنایا گیا۔ انہیں دھمکیاں دی گئیں۔ آزادانہ طور پر انتخابات لڑنے سے روکنے کی کوشش کی گئی اور انہیں ذہنی طور پر توڑنے کی کوشش کی گئی۔
 
سوسائیڈ نوٹ میں مٹی مافیا سمیت کئی سنگین الزامات:
 
اپنے سوسائیڈ نوٹ میں تھمپی نے کچھ نام واضح طور پر لکھے۔ انہوں نے ترککنن پورم وارڈ بی جے پی امیدوار وینود کمار، علاقائی سیکریٹری اودیہ کمار، انتخابی حلقہ کمیٹی ممبر کرشن کمار اور نگر ورک واہک راجیش کا نام لکھا۔ نوٹ میں انہوں نے الزام لگایا کہ یہ لوگ علاقے میں مٹی مافیا سے جڑے ہوئے ہیں اور معاشی اور سیاسی فائدہ کے لیے انہیں انتخابات لڑنے سے روک رہے تھے۔ ایسے الزامات انتخابات سے پہلے بی جے پی کی مقامی اکائی کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف سیاسی، بلکہ تنظیمی سطح پر بھی پارٹی کے لیے حساس موڑ لے آیا ہے۔
 
آر ایس ایس ممبر کے طور پر رہنا میری سب سے بڑی غلطی:
 
تھمپی نے اپنے نوٹ میں آر ایس ایس سے اپنی طویل وابستگی کی تکلیف بیان کرتے ہوئے لکھا کہ میں نہیں چاہتا کہ کوئی بھی بی جے پی یا آر ایس ایس ممبر میری لاش کو دیکھے۔ آر ایس ایس کارکن بن کر میں نے زندگی کی سب سے بڑی غلطی کی۔ جس شناخت کے ساتھ جیا، اسی نے مجھے اس دہانے پر لا کھڑا کیا۔