سری نگر: سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گھنے دھند کی وجہ سے اتوار کو 10 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ حکام نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ ائیرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سری نگر کے ہوائی اڈے پر صبح کے وقت حد نگاہ صرف 50 میٹر تھی، جس کی وجہ سے ہوائی ٹریفک متاثر ہوا ہے۔ تمام ایئر لائنز نے صبح 10 بجے کے بعد اپنی پروازیں طے کیں۔ اہلکار نے بتایا کہ کہرے کی وجہ سے موسم خراب ہوگیا تھا اور دور تک کچھ نظر نہیں آرہا تھا۔ مشکل سے 50 میٹر تک ہی نگاہیں جا سکتی تھیں، جس کی وجہ سے اب تک 10 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔ گھنے دھند کے باعث ہفتہ کو بھی ایئرپورٹ پر آپریشن متاثر ہوا۔
دہلی ایئرپورٹ پر 100 سے زیادہ پروازوں کے آپریشن میں تاخیر:
دہلی ایئرپورٹ پر بھی خراب موسم کی وجہ سے اتوار کو 100 سے زیادہ پروازوں کے آپریشن میں تاخیر ہوئی ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ اب تک نہ تو کوئی پرواز منسوخ ہوئی ہے اور نہ ہی ان کے راستے تبدیل کیے گئے ہیں۔ دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے گزشتہ تین روز سے فلائٹ آپریشن متاثر ہو رہا ہے۔ دہلی ہوائی اڈے پر اب بھی حد نگاہ کم ہے۔ دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (DIAL) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صبح 8:45 پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مسافروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ پرواز کی تازہ ترین معلومات کے لیے متعلقہ ایئر لائن سے رابطہ کریں۔ اہلکار نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر 100 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ بتادیں کہ دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ، قومی دارالحکومت کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (IGIA) کو چلاتا ہے۔ رات 12:59 بجے 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں ہوا بازی کمپنی انڈیگو نے کہا کہ موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے دہلی، امرتسر، چندی گڑھ، کولکتہ اور لکھنؤ جانے والی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔