دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد انتخابی پارٹیاں ووٹروں کو راغب کرنے میں مصروف ہیں۔ کانگریس نے آج دہلی اسمبلی انتخابات کے حوالے سے اپنی دوسری گارنٹی لانچ کردی ہے۔ اس گارنٹی کے تحت دہلی کے ہر شہری کو 25 لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس ملے گا۔ دہلی میں پیاری دیدی کے بعد کانگریس نے جیون رکھشا یوجنا کا اعلان کیا ہے۔ راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے 'ہیلتھ انشورنس اسکیم' کی گارنٹی دیتے ہوئے کہا کہ اگر دہلی میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو دہلی کے ہر شہری کو 25 لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس ملے گا۔جانکاری کے مطابق جیون رکھشا یوجنا کے تحت دہلی کے تمام شہریوں کو 25 لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس ملے گا یعنی 25 لاکھ روپے تک کا مفت علاج ہوگا۔ اس سے پہلے کانگریس نے دہلی کی خواتین کو ہر ماہ 2500 روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔ عام آدمی پارٹی کی 'مہیلا سمان' اسکیم کے سامنے، کانگریس نے 'پیاری دیدی' اسکیم کا اعلان کیا۔ کانگریس کی اس اسکیم کے تحت دہلی میں کانگریس کی حکومت بننے پر ہر خواتین کو ہر ماہ 2500 روپے دیئے جائیں گے۔
دہلی میں عام آدمی پارٹی نے سب سے پہلے مہیلا سمان یوجنا کے تحت خواتین کے لیے 2100 روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ دہلی کے سابق وزیر اعلی اور عآپ کنوینر اروند کیجریوال کے اعلان کے بعد کانگریس نے بھی خواتین ووٹروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ کانگریس نے 'پیاری دیدی یوجنا' کے تحت دہلی کی خواتین کو ہر ماہ 2500 روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔پیاری دیدی اسکیم کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ کانگریس دہلی میں حکومت بنائے گی اور ہم خواتین کو 2500 روپے دیں گے اور اس کا فیصلہ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ہی کیا جائے گا۔ یہ اسی ماڈل پر ہے جسے ہم نے کرناٹک میں لاگو کیا ہے۔
دہلی میں انتخابی اعلان ہونے کے بعد کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ اور کرناٹک کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ جس طرح کرناٹک میں حکومت بنتے ہی خواتین کو مالی مدد فراہم کرنے کی اسکیم شروع ہوئی، اسی طرح دہلی میں بھی پہلی میٹنگ میں حکومت کی تشکیل کے بعد اس اسکیم کو گرین سگنل دے دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ دہلی میں 5 فروری کو اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے جبکہ 8 فروری کو تنائج کا اعلان ہوگا۔