بیجاپور کے صحافی مکیش چندرکر کے قتل کے بعد سے فرار چل رہے ملزم ٹھیکیدار سریش چندراکر کو ایس آئی ٹی ٹیم نے کل رات حیدرآباد سے گرفتار کرلیا ہے۔ جسے اب بیجاپور لایا جا رہا ہے۔ جہاں پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ دوسری طرف پولیس نے سریش کی بیوی کو بھی کانکیر ضلع سے گرفتار کیا ہے۔
انتظامیہ کا ایکشن
بیجاپور کے صحافی مکیش چندراکر کے قتل کیس میں ملزموں کی گرفتاری کے بعد کلیدی ملزم اور ٹھیکیدار سریش چندراکر کے غیر قانونی قبضے کو گرانے کی کارروائی جا ری ہے۔ ملزم ٹھیکیدار نے گنگلور روڈ پر پانچ ایکڑ اراضی پر ناجائز قبضہ کر رکھا تھا۔ ٹھیکیدار کے فارم ہاؤس پر بلڈوزر چلا گیا ہے۔ دوسری جانب ملزم رتیش چندراکر کی کار کو رائے پور ایئرپورٹ سے ضبط کر لیا گیا ہے۔ ٹھیکیدار سریش چندراکر کے تمام بینک کھاتوں اور اے ٹی ایم لین دین کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ کسی بھی قسم کی ڈیجیٹل لین دین کو روکنے پر بھی نظر رکھی گئی ہے۔ محکمہ جنگلات کی ٹیم بیجاپور میں واقع محکمہ جنگلات کی زمین پر ٹھیکیدار کے ذریعہ کی گئی ناجائز تجاوزات کو خالی کرنے کے لئے گامزن ہے۔وہیں ملزم کی تمام ناجائز تجاوزات پر انتظامیہ کی کاروائی جاری ہے۔
جانئیے کیا ہےپورا معاملہ
چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع سے تعلق رکھنے والے نوجوان صحافی مکیش چندراکر، جنہوں نے سڑک کی تعمیر میں 120 کروڑ روپے کی بدعنوانی کا پردہ فاش کیا تھا، انہیں بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ بستر ڈویژن کے آئی جی پی سندرراج نے اس معاملے میں بڑا انکشاف کیا ہے۔ آئی جی نے بتایا کہ دو لوگوں نے مل کر صحافی مکیش چندراکر کا قتل کیا ۔ ٹھیکیدار کے منشی رام ٹیکے اور اس کے بھائی رتیش چندراکر نے اس جرم کو انجام دیا ۔ مکیش پر اسٹیل راڈ سے حملہ کیا گیا۔ واقعے کے بعد شواہد کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ اس معاملے میں سریش چندراکر کو کلیدی ملزم بنایا گیا ہے۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ کے لیے 11 رکنی ایس آئی ٹی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
سیپٹک ٹینک سے ملی تھی لاش
صحافی مکیش یکم جنوری کی شام سات بجے سے لاپتہ تھے۔ اس کی لاش سیپٹک ٹینک سے ملی۔ اس کی لاش ٹھیکیدار اور اس کے رشتہ دار سریش چندراکر کے احاطہ میں بنے سیپٹک ٹینک سے نکالی گئی۔پولیس نے اس معاملے میں رتیش کو دہلی سے اور دیگر ملزمان کو بیجاپور سے گرفتار کیا ہے۔ وہیں مکیش کے قتل کے بعد تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی ٹیم نے سریش چندراکر کو حیدرآباد سے اورسریش کی بیوی کو کانکیر ضلع سے گرفتار کیا ہے۔