• News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • تلگواداکار کو نمس ہسپتال نہ جانے کا پولیس نے دیا مشورہ

تلگواداکار کو نمس ہسپتال نہ جانے کا پولیس نے دیا مشورہ

Reported By: | Edited By: Sahjad mia | Last Updated: Jan 05, 2025 IST

image
رام گوپال پیٹ پولیس نے ٹالی ووڈ اسٹار اللو ارجن کو نوٹس جاری کرانہیں کمس ہاسپٹل نہ جانے کا مشورہ دیاہے جہاں 4 دسمبر کو سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ میں شدید زخمی ہونے والا 9 سالہ سری تیج زیرعلاج ہے۔ پولیس نے یہ نوٹس اللو ارجن کے منیجر مورتی کو حیدرآباد میں اداکار کی رہائش گاہ پر پہنچایا جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ امن اور حفاظت کو برقرار رکھنے کیلئے اس دورے سے گریز کیا جائے۔نوٹس میں خاص طور پر کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال اور ممکنہ خلل کی وجہ سے اللو ارجن کیلئے نمس کا دورہ نہ کرنا ہی بہتر ہے۔
 
یاد رہے کہ 4 دسمبر کو حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں 'پشپا 2' کی اسپیشل اسکریننگ کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون کی موت ہوگئی تھی۔ اداکار اللو ارجن کو 13 دسمبرکواس معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم  بعد میں تلنگانہ ہائی کورٹ نے انہیں 50,000 روپے کے ذاتی مچلکے پر عبوری ضمانت دے دی۔ لیکن اس کے بعد بھی انہیں رات جیل میں گزارنی پڑی کیونکہ مبینہ طور پر کہا گیا تھا کہ ضمانت کے آرڈر کی کاپیاں آن لائن اپ لوڈ نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے اداکار کو رات جیل میں گزارنی پڑی۔پولیس نے اللو ارجن، ان کی سیکورٹی ٹیم اور تھیٹر انتظامیہ کے خلاف دفعہ 105 (غیر ارادتاً قتل)، 118 (1) (رضاکارانہ طور پر چوٹ پہنچانا) اور آر/ ڈبلیو 3 (5) بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ 
 
 واضح رہے کہ نامپلی کی عدالت نے جمعہ 3 جنوری کو سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ کیس کے سلسلے میں تیلگو فلم اداکار اللو ارجن کو باقاعدہ ضمانت دے دی ہے۔ ادھر دوسری جانب تلگو اداکار نامپلی کورٹ کی طرف سے ضمانتی آرڈر میں رکھے گئے شرائط کے مطابق آج چکڑپلی پولیس اسٹیشن پہنچے۔ اس موقع پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔