بھارت چیمپئنز ٹرافی کے اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلے گا ،جس میں 23 فروری کو پاکستان کے خلاف میچ ہونا ہے۔ بھارت اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش بھی اس گروپ میں شامل ہیں۔ گروپ بی میں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، افغانستان اور انگلینڈ شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں میزبان پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ اس کا فائنل 9 مارچ کو ہوگا۔ اس بار 50 اوور کے اس بڑے ایونٹ میں 15 میچ ہوں گے جو آخری بار 2017 میں کھیلا گیا تھا۔ ان میں سے کم از کم 10 میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ راولپنڈی، لاہور اور کراچی پاکستان کے تین میزبان مقامات ہوں گے اور دوسرا سیمی فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
کب ہو سکتا ہےٹیم انڈیا کا اعلان ؟
آپ کو بتاتے چلیں کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان 9 سے 10 جنوری کے درمیان کیا جا سکتا ہے۔ ایسے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی ٹیم میں کن کھلاڑیوں کو موقع مل سکتا ہے۔ ہندوستانی سلیکٹر انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی ٹیم کا ایک ساتھ اعلان کر سکتے ہیں.
بمراہ کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں مل سکتا ہےآرام !
جسپریت بمراہ کو انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے آرام مل سکتا ہے۔ بمراہ سڈنی ٹیسٹ میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ ایسے میں ان کی چوٹ کو دیکھتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز سے بمراہ کو آرام دیا جا سکتا ہے۔
محمد شامی اور شریس آئر کی واپسی!
طویل عرصے سے ٹیم انڈیا سے دور محمد شامی کی ون ڈے سیریز اور چیمپئنز ٹرافی میں واپسی ہو سکتی ہے۔ شامی 2023 ون ڈے ورلڈ کپ سے ٹیم انڈیا سے دور ہیں۔ شامی فی الحال وجے ہزارے ٹرافی میں بنگال کے لیے کھیل رہے ہیں۔ شامی کو اپنی فٹنس ثابت کرنی ہوگی۔ ایسے میں دیکھنا ہوگا کہ شامی اپنی فٹنس ثابت کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں؟اگر محمد شامی پوری طرح فٹ رہتے ہیں تو انہیں ٹیم انڈیا میں منتخب کیا جاسکتا ہے۔وہیں ہندوستان کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری نے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد شامی کی انجری مینجمنٹ اور بارڈر-گاوسکر ٹرافی سیریز کے لیے فاسٹ بولر کو نہ بھیجنے کے بی سی سی آئی کے فیصلے پر سوال اٹھایا ہے جس میں بھارتی ٹیم کو 3-1 سے شکست ملی ۔اس کے علاوہ شریس ائیر کی بھی ٹیم میں واپسی ہو سکتی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ائیر کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں منتخب کیا جا سکتا ہے۔ انہیں آخری بار 2024 میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں موقع ملا تھا۔ ٹیم انڈیا سے باہر ہونے کے بعد ائیر مسلسل ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں اور اپنی بلے بازی سے کافی رنز بھی بنا رہے ہیں۔
ٹیم کے اعلان کی آخری تاریخ 12 جنوری:
آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم کے اعلان کی آخری تاریخ 12 جنوری مقرر کی ہے، یعنی 12 جنوری تک تمام 8 ٹیموں کو اپنے کھلاڑیوں کی فہرست آئی سی سی کو جمع کرانی ہوگی۔ ساتھ ہی ٹیمیں 13 فروری تک اپنے کھلاڑیوں میں تبدیلیاں کر سکتی ہیں۔ ایسے میں امید ہے کہ ٹیم انڈیا کا اعلان 10 سے 11 جنوری کے درمیان کیا جائے گا۔