• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • اے آئی ایم آئی ایم نے اوکھلا سے شفاء الرحمان کو دی ٹکٹ

اے آئی ایم آئی ایم نے اوکھلا سے شفاء الرحمان کو دی ٹکٹ

Reported By: | Edited By: Mohd Muddassir | Last Updated: Jan 07, 2025 IST

image
نئی دہلی: اسد الدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے شفاء الرحمان کو اوکھلا اسمبلی سے امیدوار بنایا ہے۔ شفاء الرحمان خان دہلی فسادات کے ملزم ہیں اور اس وقت جیل میں قید ہیں۔ وہ شہریت ترمیم قانون کے خلاف جامعہ اور شاہین باغ کے احتجاج کے دوران سرگرم تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ شفاء الرحمان جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم نے اپنے ایکس ہینڈل پر جانکاری دی ہے کہ اس نے دہلی اسمبلی انتخابات 2025 کے لیے اوکھلا سے شفاء الرحمان خان کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ پارٹی نے عوام سے شفاء الرحمان خان کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اوکھلا سے موجودہ ایم ایل اے عام آدمی پارٹی کے امانت اللہ خان ہیں۔ عآپ نے ایک بار پھر امانت اللہ کو ٹکٹ دیا ہے۔
 
آپ کو بتاتے چلیں کہ اے آئی ایم آئی ایم نے 2020 دہلی فسادات کے ملزم طاہر حسین کو مصطفی آباد سے ٹکٹ دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ سیلم پور سیٹ سے فساد کے ایک اور ملزم شاہ رخ پٹھان کو ٹکٹ دینے پر بھی غور کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی رہنماؤں نے شاہ رخ پٹھان کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی ہے۔ ان تمام سیٹوں پر مسلم ووٹروں کی کافی آبادی ہے۔ اس لیے کانگریس اور عام آدمی پارٹی کا کھیل بگڑ سکتا ہے۔
 
دہلی میں اسمبلی انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے۔ ووٹنگ ایک ہی مرحلے میں 5 فروری کو ہوگی اور انتخابی نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔ عام آدمی پارٹی نے تمام سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے جبکہ بی جے پی اور کانگریس نے ابھی تک تمام سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔