• News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • پوربندر ایئرپورٹ پر ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ، تین افراد ہلاک

پوربندر ایئرپورٹ پر ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ، تین افراد ہلاک

Reported By: | Edited By: Mohd Muddassir | Last Updated: Jan 05, 2025 IST

image
گجرات کے پوربندر ایئرپورٹ پر ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ دراصل کوسٹ گارڈ کا ایک ہیلی کاپٹر وہاں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس حادثے میں تین افراد کی موت ہو گئی ہے۔ ہندوستانی کوسٹ گارڈ کا ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر (ALH ) دھرو ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا، اس دوران وہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے میں عملے کے ارکان سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔ عملے کے ارکان کو جھلسنے کی حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔
 

ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا:۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی دوپہر 12 بجے کے قریب کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر پوربندر پر حادثہ کا شکار ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا اور حادثہ ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے دوران پیش آیا۔ لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی۔ ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ سمیت کل تین افراد سوار تھے۔ اس حادثے میں تینوں کی موت ہو گئی۔

 

دھرو ہیلی کاپٹر کئی بار حادثات کا شکار ہو چکے ہیں:۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ستمبر میں ہی ہندوستانی کوسٹ گارڈ کا دھرو ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔ اس حادثے میں عملے کے تین ارکان لاپتہ ہو گئے تھے۔ عملے کے ایک رکن کو بچا لیا گیا۔ اس سے قبل مارچ میں بھی بحریہ کے دھرو ہیلی کاپٹر کو بحیرہ عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔
 
بتادیں کہ دھرو ہیلی کاپٹر ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ نے تیار کیا تھا۔ کئی سالوں تک مشق کرنے کے بعد اسے 2002 میں ہندوستانی فضائیہ میں شامل کیا گیا۔ اس ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹس سمیت 12 افراد بیٹھ سکتے ہیں۔ یہ فوجی اور سویلین دونوں مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ دھرو ہیلی کاپٹر کو اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل سے بھی لیس کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس سے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل بھی فائر کیے جاسکتے ہیں۔ دھرو ہیلی کاپٹر کو اپنے زمرے کا بہترین ہیلی کاپٹر مانا جاتا ہے۔