تلنگانہ ہائی کورٹ نے فارمولا ای ریسنگ بدعنوانی سے متعلق معاملہ میں سابق ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کی عرضداشت پر سماعت کرتے ہوئے، منگل (31 دسمبر، 2024) کو ان کی گرفتاری پر روک لگا دی ہے۔ یہ روک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس کیس میں داخل کی گئی عرضداشت پر حتمی فیصلہ نہیں سنایا جاتاہے۔ یہ معاملہ 2023 میں حیدرآباد میں منعقد ہونے والی فارمولا ای ریس کے انعقاد میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور منی لانڈرنگ سے متعلق ہے۔
دراصل، کے ٹی راما راؤ نے گرفتاری سے بچنے اور کیس کو منسوخ کرنے کے لیے تلنگانہ ہائی کورٹ میں یہ عرضی داخل کی تھی۔ 31 دسمبر کو عدالت نے سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ فی الحال ملتوی کردیا۔ ساتھ ہی عبوری راحت کے طور پر کے ٹی آر کی گرفتاری پر روک لگا دی گئی ہے۔
آر بی آئی نے 8 کروڑ روپے کا جرمانہ لگایا تھا
یہ معاملہ 55 کروڑ روپے کی ادائیگی سے متعلق ہے جو فارمولا ای ریس کے انعقاد کے لیے کیا گیا تھا۔ جس میں سے 45 کروڑ روپے غیر ملکی کرنسی میں ادا کیے گئے، جو ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی تھی۔ یہ ادائیگی کابینہ کی منظوری کے بغیر کی گئی۔ آر بی آئی نے اس غیر مجاز لین دین پر اس وقت کی تلنگانہ حکومت پر 8 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ جسے بعد میں کانگریس حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد ادا کیا تھا۔
کے ٹی آر کی بہن کو بھی ملزم بنایا گیا تھا
اس معاملے میں کے ٹی راما راؤ کے ساتھ ان کی بہن کے کویتا کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ کے ٹی راما راؤ (KTR) اس کیس میں اہم ملزم ہیں۔ اس کے علاوہ اروند کمار، جو سابق میونسپل ایڈمنسٹریشن اور شہری ترقی کے سکریٹری ہیں، دوسرے ملزم ہیں۔ تیسرا ملزم بی ایل این ریڈی ہے۔ وہ حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (HMDA) کے سابق چیف انجینئر ہیں۔
اے سی بی کے مطابق، فارمولا ای ایونٹ میں مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جس میں فارمولا ای کے منتظمین کو کابینہ کی منظوری کے بغیر 55 کروڑ روپے ادا کیے گئے۔تلنگانہ پولیس کے انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے پہلے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی تھی، جس کے بعد ای ڈی نے فروری 2023 میں پی ایم ایل اے (پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ) کے تحت ایک انفارمیشن رپورٹ (ای سی آئی آر) درج کی تھی۔