حیدرآباد 14 جون (منصف ٹی وی) لگاتار تیسری مرتبہ وزیر اعظم بننے کے بعد نریندر مودی اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر جی7 سربراہی اجلاس میں شریک ہونے کے لیے اٹلی پہنچ چکے ہیں، جہاں وزیر اعظم مودی اٹلی کی پی ایم ،جارجیا میلونی کی دعوت پر چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔
اٹلی جانے سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ مسلسل تیسری بار پی ایم بننے کے بعد ان کا پہلا دورہ جو ہورہا ہے وہ جی۔7 سربراہی اجلاس کے لیے اٹلی کے لئے ہورہا ہے۔ واضح رہے کہ یہ جی7 سربراہی اجلاس 13 سے 15 جون تک اٹلی کے اپولیا علاقے میں منعقد کیا گیا ہے۔
پی ایم مودی اس سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کے علاوہ اطالوی وزیراعظم میلونی سے دو طرفہ میٹینگ کریں گےساتھ ہی سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے سرکردہ رہنماؤں، امریکی صدر جو بائیڈن، ان کے فرانسیسی ہم منصب ایمینوئل میکرون، جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا اور کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے علاوہ دیگررہنماؤں سے ملاقات کریں گے علاوہ ازیں وزیراعظم نریندر مودی یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی کی جانب سے منعقعد کیے جانے والے ایک سیشن میں شرکت کرنے والے ہیں جس میں روسی حملے کے بعد یوکرین کی حالات پر روشنی ڈالی جائے گی، یاد رہے کہ جب پی ایم مودی اٹلی کے ہوائی اڈے پر پہنچے تو ان کا استقبال اٹلی میں ہندوستان کے سفیر وانی راؤ اور دیگر عہدیداروں نے کیا۔