حیدرآباد: 15 جون (منصف ٹی وی) 213 افسران کی گریجویشن پریڈ آج بروز ہفتہ ایئر فورس اکیڈمی حیدرآباد میں منعقد ہوئی، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری نے روایتی فوجی شان کے ساتھ پریڈ کا جائزہ لیا، یاد رہے کہ یہ پریڈ ہندوستانی فضائیہ کی فلائنگ اور گراؤنڈ ڈیوٹی برانچوں کے فلائٹ کیڈٹس کی پری کمیشننگ ٹریننگ کی کامیاب تکمیل کے موقع پر منعقد ہوئی۔ ہندوستانی فضائیہ کا یہ اعلیٰ تربیتی ادارہ فضائیہ کے پائلیٹوں، زمینی ڈیوٹی اور تکنیکی افسران کی تربیت کا گہوارہ ہے۔ یہ اکیڈمی باضابطہ طور پر اس وقت وجود میں آئی جب اس وقت کے صدر جمہوریہ ڈاکٹر ذاکر حسین نے 11 اکتوبر 1967 کو اس کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ اس اکیڈمی میں تربیت کا مقصد دوستی کے جذبے کو فروغ دینا اور ہر برانچ کے افسران کے درمیان صحت مندانہ روابط کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔