Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
Sports

ٹیم انڈیا کے اسٹار کرکٹر شکھر دھون نے انٹرنیشنل کرکٹ کو کہا الودع

ٹیم انڈیا کے اسٹار سلامی بلے باز شکھر دھون جنہوں نے طویل عرصے تک ہندوستانی ٹیم کیلئے کھیلا آج انہوں نے ریٹائیرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
شکھر دھون نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے لیے ایک جذباتی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے تمام طرز کی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
دھون نے آخری بار ہندوستان کے لیے 2022 میں ون ڈے سیریز کھیلا تھا۔ مگر پھر وہ شبھمن گل اور دیگر نوجوان بلے بازوں کی کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں اپنی جگہ کھو بیٹھے۔
دھون نے ہندوستان کے لیے 34 ٹیسٹ، 167 ون ڈے اور 68 ٹی 20 میچ کھیلے ہیں۔ اب تک وہ 50 اوورز کے ون ڈے میچوں میں 6793 رنز بنا چکے ہیں اور ان کی اوسط 44.11 رنز رہی ہے۔
انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 40.61 رنز کی اوسط سے 2315 رنز بنائے ہیں۔
دھون سوشل میڈیا پر جذباتی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوۓ کہتے ہیں کہ ’آج میں ایک ایسے موڑ پر کھڑا ہوں جہاں سے پیچھے مڑ کر دیکھیں تو صرف یادیں نظر آتی ہیں اور جب آگے دیکھتے ہیں تو پوری دنیا نظر آتی ہے‘۔ میرے پاس ہمیشہ ایک ہی منزل تھی، ہندوستان کے لیے کھیلنا اور وہ مجھے نصیب ہوا۔ جس کے لیے میں کئی لوگوں کا شکر گزار ہوں۔"
سب سے پہلے میرا خاندان۔ میرے بچپن کے کوچ تارک سنہا جی، مدن شرما جی، جن کے تحت میں نے کرکٹ سیکھا۔ پھر میری ٹیم جس کے ساتھ میں برسوں کھیلتا رہا۔ مجھے ایک خاندان ملا۔ ایک نام ملا اور آپ سب کا پیار ملا۔"
انھوں نے کہا، ''لیکن کہا جاتا ہے کہ کہانی میں آگے بڑھنے کے لیے صفحات پلٹنے پڑتے ہیں۔ تو بس، میں بھی ایسا ہی کرنے جا رہا ہوں۔ میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔
شیکھر دھون نے کہا، "اور جب میں اپنے کرکٹ کے سفر کو الوداع کہہ رہا ہوں تو میرے دل میں ایک سکون ہے کہ میں نے اپنے ملک کے لیے کھیلا۔ میں بی سی سی آئی اور ڈی ڈی سی اے کا بہت شکر گزار ہوں، جنہوں نے مجھے موقع دیا اور اپنے تمام مداحوں کا، جنہوں نے مجھے بہت پیار دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ سے کہتا ہوں کہ بھائی آپ اس بات کا غم نہ کریں کہ آپ اپنے ملک کے لیے دوبارہ نہیں کھیلیں گے۔ لیکن اس بات کی خوشی کو برقرار رکھیں کہ آپ اپنے ملک کے لیے کھیلے۔ اور میرے لیے سب سے بڑی بات یہ ہے کہ میں نے کھیلا۔
بتاتے چلیں کہ دھون نے ہندوستان کے لیے 269 بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں، جن میں ان کے نام 24 سنچریاں ہیں۔ وہ اس سال آئی پی ایل 2024 کے دوران پنجاب کنگز کی کپتانی کرتے نظر آئے تھے۔
دھون کے  ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد پنجاب کنگز نے دھون کے اننگز کو یاد کرتے ہوئے لکھا، کہ ’’رنز، ٹرافی اور ان گنت یادیں، ریٹائرمنٹ مبارک گبر‘‘۔ اپنی زندگی کی اگلی اننگز میں شاندار آغاز کا بے صبری سے انتظار کر رہا ہوں۔