Thursday, November 14, 2024 | 1446 جمادى الأولى 12
Sports

منصف ٹی وی اور سپورٹس کونسل جموں و کشمیر کی جانب سے پولو گراؤنڈ سری نگر میں ایک خصوصی کرکٹ میچ کا انعقاد

منصف ٹی وی اور سپورٹس کونسل جموں و کشمیر کی جانب سے آج پولو گراؤنڈ سری نگر میں ایک خصوصی کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بینائی سے مہروم افراد نے شرکت کی اس میچ میں موجودہ ایم ایل اے لال چوک احسان پردیسی نے مہمان خصوصی کے بطور شرکت کی، اس منفرد میچ میں دو ٹیموں، "رائزنگ سٹارز" اور "ایس بی ٹائٹنز"، کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی ہمت اور لگن سے یہ ثابت کیا کہ معذوری کسی بھی انسان کی صلاحیتوں کو روک نہیں سکتی۔
یہ ایونٹ معذور افراد کے لیے کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا ایک شاندار موقع تھا۔ اس کے ذریعے نہ صرف بینائی سے محروم کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان میں اپنی جگہ بنانے کا موقع ملا بلکہ معاشرتی سطح پر بھی ایک مضبوط پیغام گیا کہ معذوری کے باوجود ہر فرد میں خاص صلاحیتیں چھپی ہوتی ہیں جنہیں صرف مواقع کی ضرورت ہوتی ہے۔
منصف ٹی وی، جو کہ حیدرآباد بیسڈ ایک معروف ٹی وی چینل ہے، اس ایونٹ کی کوریج فراہم کر رہا ہے اور اس نے اس خاص میچ کو عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس طرح کے پروگرام نہ صرف کھیلوں کی دنیا میں ایک نیا جذبہ پیدا کرتے ہیں بلکہ وہ معاشرتی ہم آہنگی، شمولیت اور انسانیت کے اصولوں کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
اس ایونٹ نے اس بات کو ثابت کیا کہ کھیل ہر فرد کے لیے ہیں، چاہے وہ کسی بھی نوعیت کی معذوری کا سامنا کر رہا ہو، اور اس طرح کے اقدامات سے معاشرتی سطح پر ایک مضبوط پیغام بھی جاتا ہے کہ سب کو برابر کے حقوق اور مواقع ملنے چاہییں۔
 یہ میچ بہت ہی شاندار رہا جبکہ رائزنگ سٹارسز نے یہ میچ اپنے نام کیا۔ اختتام پر ایس پی ٹریفک مظفر احمد نے مہمان خصوصی کے بطور شرکت کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرکے انہیں انعامات دئے جبکہ منصف ٹی وی کی جانب بلائنڈ ویلفیئر اسوسیشن کو کیش ایوارڈ بھی دیا گیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک مظفر احمد شاہ نے منصف ٹی وی کے نمائندے دین عمران سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے اور مستقبل میں بھی ایسی سرگرمی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔