Friday, October 18, 2024 | 1446 ربيع الثاني 15
Sports

آج ٹیم انڈیا کے خلاف آسٹریلیا کا کرو یا مرو کا مقابلہ

 ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں آج ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان سپر 8 کا آخری میچ کھیلا جائے گا۔ یہ میچ آسٹریلیا کے لیے بہت اہم ہے۔ ہندوستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لئے جیت لازمی ہے جبکہ آسٹریلیا کو آخری چار میں جگہ بنانے کے لئے کسی بھی قیمت پر شکست سے بچنا ضروری ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں آج سپر 8 کا آخری میچ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں دونوں ٹیمیں ہر صورت جیت درج کرنے کی پر جوش کوشش کریں گی۔ ہندوستانی ٹیم سپر 8 کے میچ جیت کر ٹاپ پوزیشن پر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں اپنی جگہ کو یقینی بنانا چاہے گی، جہاں اس کا مقابلہ گروپ بی کے دوسرے نمبر کی ٹیم سے ہوگا۔
 اگر آج ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دیتاہے تو وہ اس جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا، جبکہ افغانستان سے غیر متوقع شکست کے بعد آسٹریلیا کیلئے یہ میچ کرو یا مرو کی صورتحال ہے۔ 
اگر وہ اپنا میچ ہار جاتا ہے تو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنا مشکل ہو جاۓگا۔ وہیں افغانستان اپنا آخری میچ جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے، ایسی صورت حال میں آسٹریلیا کی ٹیم کسی بھی قیمت پر جیتنے کی کوشش کرے گی۔
ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے میچوں کی بات کریں تو دونوں کے درمیان اب تک 31 ٹی20 میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ جس میں ہندوستانی ٹیم کو آسٹریلیا کی ٹیم پر برتری حاصل ہے۔ ہندوستان نے 19 میچ جیتے ہیں جبکہ آسٹریلیا کو 11 میچوں میں جیت ملی ہے۔ جبکہ ایک میچ منسوخ رہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلے گئے میچوں میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 5 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں ہندوستان نے 3 اور آسٹریلیا نے 2 میچ جیتے ہیں۔
ڈیرن سیمی نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے ۔بلے بازوں کے لیے اس ٹورنامنٹ کی بہترین پچ ہے۔ اس گراؤنڈ پر اب تک کھیلے گئے 4 میچوں کی 8 اننگز میں 6 بار 180 سے زائد کا اسکور بن چکا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا سب سے زیادہ 218 رنز بھی اسی گراؤنڈ پر آیا ہے۔ یہ بیٹنگ کے لیے اچھی پچ ہونے کی وجہ سے یہاں ہائی اسکورنگ میچ دیکھا جا سکتا ہے۔