Monday, September 16, 2024 | 1446 ربيع الأول 13
National

جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر علماۓ اہلسنت آسنسول کی ایک اہم میٹنگ: جلوس میں نہ کوئی سیاسی نعرہ ہوگا، نہ ہی ڈی جے کا استعمال ہوگا

ماہ ربیع الاوّل کا مہینہ شروع ہو چکا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی 12 ربیع الاول کو پوری دنیا میں عاشق رسول پر مسرت جلوس محمدی کا اہتمام کریںگے۔ 
اسی مناسبت سے 5 ستمبر 2024 بروز جمعرات کو علماۓ اہل سنت آسنسول کی ایک اہم میٹنگ،مصدی محلہ مسجد ریل پار آسنسول میں منعقد ہوئی۔ 
جسکا خاص مقصد 12 ربیع الاول کو نکالے جانے والے جلوسِ محمدی کو کامیاب اور پُرامن بنانے کے لیے اہم نکات پر غور و خوض اور حکمت عملی طے کرنا تھا۔
میٹنگ میں علاقہ کے متعدد ممتاز ائمہ کرام، علماء اہل سنت، اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علماء کرام نے اس بات پر زور دیا کہ جلوسِ محمدی کے دوران امن و آشتی، بھائی چارہ، اور دین اسلام کی حقیقی تعلیمات کی عکاسی کی جائے۔ اس موقع پر خصوصی طور پر اس بات کا فیصلہ ہوا کہ جلوس روایتی راستوں، جی ٹی روڈ اور دیگر اہم مقامات سے ہوتے ہوۓ مقررہ وقت پر جلسہ گاہ تک پہنچے گا جس کا وقت 12 بجے دن رکھا گیا ہے، اور اس جلوس میں نہ کوئی سیاسی نعرہ ہوگا، نہ ہی ڈی جے وغیرہ کا استعمال ہوگا۔ 
اس موقع پر شرکاء کو تاکید کی گئی کہ جلوس کو مکمل خلوص، ادب، اور تقدس کے ساتھ منعقد کیا جائے تاکہ عید میلاد النبی ﷺ کا پیغام حقیقی طور پر عام ہو اور اس جشن کو بہترین اور پُراثر انداز میں منایا جا سکے۔
میٹنگ کا آغاز حافظ و قاری عاقب رضا نے تلاوت کلام الٰہی سے کیا جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ حافظ آصف رضا قادری نے پیش کی۔ بعد ازاں علماء کرام نے حاضرین کو اپنے قیمتی مشوروں سے نوازا۔ مشورے میں معروف شخصیات جیسے مفتی سعود عالم مصباحی، حافظ عبد المبین کریم ڈانگال قاری نثار احمد رضوی، مولانا ارشد خان سعیدی مولانا زین العابدین، مولانا محمد صدام خان ارزو نعیمی، حافظ اسحاق اشرفی، مولانا ظفر القادری قاری جسیم صابری حافظ سراج خان حافظ شمشیر حنفی، اور دیگر ائمہ کرام شامل تھے۔
میٹنگ میں عوامی نمائندگان جیسے نسیم صاحب، شمشاد خان، اور شاہ عالم نے بھی اپنی تجاویز پیش کیں۔ شرکاء کو اس بات کی تلقین کی گئی کہ جلوس کے دوران نظم و ضبط، امن، اور اخوت کا مظاہرہ کریں۔ علماء کرام نے زور دیا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا یہ موقع ہمیں رسول اللہ ﷺ کی سیرت اور اخلاق کو عام کرنے کا سنہرا موقع فراہم کرتا ہے، اور اس دن ہمیں محبت و بھائی چارے کا پیغام ہر سطح پر پھیلانا چاہیے۔
اس موقع پر مولانا ابراہیم شمشی اور دیگر علماء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس جلوس کو کامیابی اور سلامتی کے ساتھ ہمکنار کرے اور ہر شریک کو اپنے نبی ﷺ کی محبت میں مزید بڑھنے کا موقع عطا فرمائے۔
یہ میٹنگ اس بات کی غمازی کر رہی تھی کہ پورے علاقے میں عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریوں کا جوش و خروش اپنے عروج پر ہے، اور علماء و عوام دن رات اس مقدس جشن کو بھرپور اور بہترین طریقے سے منانے کے لیے پوری تندہی سے مصروفِ عمل ہیں۔
اس میٹنگ میں مشاورت کی اہمیت کو خاص طور پر اجاگر کیا گیا۔ علماء کرام نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کوئی بھی بڑا اجتماعی عمل بغیر مشورہ اور باہمی اتفاق رائے کے کامیاب نہیں ہوسکتا۔ عید میلاد النبی ﷺ جیسے اہم موقع پر اس قسم کی مشاورت نہ صرف جلوس کو منظم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے بلکہ امت میں اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے کا بھی ذریعہ بنتی ہے۔
یہ خبر مولانا محمد صدام خان آرزو نعیمی کے ذریعے منصف چینل تک پہنچی، جنہوں نے میٹنگ کی تفصیلات فراہم کیں۔ ان کی بروقت اطلاع سے عوام تک عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کی تیاریوں کی خبر پہنچی۔