Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

صدرجمہوریہ، وزیراعظم اور راہل گاندھی سمیت دیگر رہنماؤں نے ہم وطنوں کو عید میلاد النبی کی مبارکباد پیش کی

ملک بھر میں آج عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم نہایت ہی پر مسرت اور جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ 
اس موقع پر صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سمیت دیگر رہنماؤں نے مبارکباد پیش کی۔
صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے مسلمانوں کو عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارکباد پیش کرتے ہوۓ کہاکہ یہ دن پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت کے طورپر منایا جاتاہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اپنے پیغام میں کہا کہ پیغمبر اسلام نے محبت اور اُخوت کے احساسات کو مضبوط کرنے کی ہر شخص کو تحریک دی ہے اور سماج میں برابری اور ہم آہنگی پر زور دیاہے۔ 
انہوں نے مزید کہاکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ دوسروں کے تئیں ہمدردی برتیں اور انسانیت کی خدمت کریں۔
 صدر جمہوریہ نے عوام سے زور دے کر کہاکہ وہ مقدس قرآن کی تعلیمات کو اپنے اندر ضم کریں اور ایک پُرامن سماج کی تعمیر کا عزم کریں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے بھی میلاد النبیؐ پر ہم وطنوں کو مبارکباد دی۔ 
انہوں نے کہاکہ اس خاص موقع پر چاروں طرف ہم آہنگی اور اتحاد ہونا چاہیے۔ 
یہ دن تمام کیلئے خاص طورپر مسلمانوں کیلئے بہت بڑا دن ہے اس لئے چاروں طرف خوشیاں اور خوشحالی ہونی چاہئے۔
ساتھ ہی اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بھی اس موقع پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سبھی کو عید میلاد النبی بہت بہت مبارک ہو۔ دعا ہے کہ یہ مبارک موقع ہمارے دلوں اور گھروں میں امن، خوشی اور ہمدردی لائے۔ سب کو خوشی اور خوشحالی نصیب ہو۔