Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
National

ممتا بنرجی نے دوبارہ جونیئر ڈاکٹروں کی بلائی میٹنگ،کہا یہ آخری کوشش ہے

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج 16ستمبر پیر کو ایک بار پھر احتجاج کرنے والے جونیئر ڈاکٹروں کو بات چیت کے لیے بلایا ہے۔
ریاست کے چیف سکریٹری منوج پنت نے یہ اطلاع مغربی بنگال 'جونیئر ڈاکٹرس فرنٹ' کو ای میل کے ذریعے دی ہے۔
میل میں پنت نے جونیئر ڈاکٹروں کے نمائندوں سے کالی گھاٹ میں وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ آنے کو کہا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ میٹنگ 5 بجے ہوگی اور ڈاکٹر 15 منٹ پہلے وہاں پہنچ جائیں۔
پنت نے لکھا، ’’یہ پانچواں اور آخری موقع ہے جب ہم آپ کو وزیر اعلیٰ سے بات چیت کے لیے بلا رہے ہیں تاکہ کھلے ذہن کے ساتھ بات چیت کی جاسکے‘‘۔
لیکن پنت نے واضح کر دیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی اس ملاقات کی کوئی 'لائیو سٹریمنگ' نہیں ہوگی اور نہ ہی 'ویڈیو گرافی' ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس کے منٹس ڈاکٹروں کے نمائندوں کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ ہفتہ کو بھی، ممتا بنرجی نے میڈیکل کالج ہسپتال میں ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملے پر بات کرنے کے لیے ڈاکٹروں کو اپنی رہائش گاہ پر مدعو کیا تھا۔
ڈاکٹروں کے نمائندے ان کی رہائش گاہ پر گئے تھے لیکن وہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو براہ راست نشر کرنے کے مطالبے پر ڈٹے رہے۔ جس کی وجہ سے اجلاس نہ ہو سکا۔
پنت کا کہنا ہے کہ یہ ریاستی حکومت کی طرف سے "آخری کوشش" ہے۔ منگل کو سی بی آئی کو سپریم کورٹ میں معاملے کی تحقیقات کی پیش رفت کی رپورٹ پیش کرنی ہے۔