Monday, September 16, 2024 | 1446 ربيع الأول 13
Regional

گلبرگہ وقف بورڈ چیئرمین نے جاری کیا “کیو آر کوڈ،وقف ترمیمی بل کے خلاف جے پی سی کو بڑی تعداد میں اعتراضات درج کرانے کی اپیل

کرناٹک کے ضلع گلبرگہ میں وقف مشاورتی کمیٹی کا اجلاس چیئر مین سید حبیب سرمت کی صدارت میں منعقد ہوا۔
جہاں گلبرگہ وقف مشاورتی کمیٹی نے مرکز کے وقف ترمیمی بل 2024 کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں چیئر مین سید حبیب سرمست کی صدارت میں وقف دفتر پر مشاورتی کمیٹی کی ایک  خصوصی میٹنگ  طلب کی گئی تھی۔ میٹنگ میں وقف ترمیمی بل کے مختلف نکات پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جس کے بعد چیئر مین سمیت تمام ارکان نے وقف ترمیمی بل کے خلاف متفقہ طور پر ایک مذ متی قرارداد منظور کی اور مرکزی حکومت سے اس ترمیمی بل کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
چیئر مین سید حبیب سرمت نے اس موقع پر ایک مہم بھی شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ وقف ترمیمی بل پر نظر ثانی کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی جے پی سی نے عوام سے مشورے طلب کئے ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ  اس ضمن میں ریاستی وزیر اوقاف  ضمیر احمد خان، ریاستی چیئر مین انور باشاہ کی ہدایت پرگلبر کہ وقف مشاورتی کمیٹی اور مسلم ریسرچ اینڈ انالس سنٹر کے اشتراک سے ایک مہم شروع کی گئی ہے۔ اس تیار کردہ ڈرافٹ کو جے پی سی تک پہنچانے کیلئے ایک کیو آر کوڈ بنایا گیا ہے۔ جسے کوئی بھی شخص اسمارٹ فون سے اوپن کر سکتا ہے۔ کیو آر کوڈ کو اسکین کرتے ہی گیارہ صفحات پر مشتمل ایک مکتوب جے پی سی کا ای میل ایڈریس اور سینڈر کا ای میل ایڈریس پر مشتمل ایک ونڈو اوپن ہوگا۔ جس کے بعد سینڈ کا بٹن دبانے کیساتھ ہی وہ ای میل جے پی سی تک پہنچ جائیگا۔انہوں نے تمام مسلمانوں، اوقافی اداروں کے ذمہ داران مساجد و عاشور و خانوں کے صدور۔درگاہوں، خانقاہوں کے متولیان و سجادگان سے اپیل کی کہ وہ جے پی سی تک زیادہ سے زیادہ شکایات درج کرائیں ۔