وزیراعظم نریندر مودی اپنے تین روزہ دورہ امریکہ پر ہیں۔
اس دوران وزیراعظم مودی نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔
دوران ملاقات نریندر مودی نے غزہ کے لیے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
اور فلسطین کے لوگوں کیلئے ہندوستان کی حمایت کا یقین دلایا۔
بتا دیں کہ اس وقت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے دنیا بھر کے رہنما امریکا میں جمع ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر عالمی رہنما دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیلئے ایک دوسرے سے ملاقات کررہے ہیں۔
اسی سلسلے میں پی ایم مودی اور فلسطین کے صدر محمود عباس کے درمیان ملاقات ہوئی۔ صدر محمود کے ساتھ پی ایم مودی کی ملاقات اس لیے بھی اہم سمجھی جارہی ہے کیونکہ ہندوستان غزہ تنازعہ کے آغاز سے ہی امن کی اپیل کرتا رہاہے۔
ہندوستان کے اسرائیل اور فلسطین دونوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے اسرائیل،فلسطین مسئلہ پر ہندوستان کے دیرینہ اور ثابت شدہ موقف کو دہرایا اور جنگ بندی۔ یرغمالیوں کی رہائی اور بات چیت پر زور دیا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دو ریاستی حل ہی خطے میں پائیدار امن و استحکام حاصل کرسکتا ہے۔
اس بات کو یاد کرتے ہوئے کہ ہندوستان فلسطین کو تسلیم کرنے والے پہلے ممالک میں سے ایک ہے،
مودی نے اقوام متحدہ میں فلسطین کی رکنیت کیلئے ہندوستان کی حمایت کی تصدیق بھی کی۔
واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جنگ جاری ہے، اسرائیلی حملوں میں 41 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، شہید ہونے والوں میں بچوں اور خواتین کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔