پاکستانی حکومت نے جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے
وفاقی حکومت نے جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی، پی ٹی آئی پر مبینہ طور پر ریاست مخالف سرگرمیوں سے منسلک ہونے کی وجہ سے پابندی عائد کر نے کی بات کہی ہے۔
بتا دیں کہ اسے خود وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے، وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کیلئے کیس فائل کرے گی، تمام چیزوں کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی پر پابندی لگائی جائے گی،یہ فیصلہ حکومتی اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
مزید وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندیاں لگانے کے واضح ثبوت موجود ہیں اور حکومت پارٹی کے خلاف کارروائی شروع کرے گی۔
واضح رہے کہ 71 سالہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے 1996 میں پی ٹی آئی پارٹی بنائی تھی، جو 2018 میں اقتدار میں آئی۔ جس کے بعد ان کی حکومت اپریل 2022 میں عدم اعتماد کی تحریک ہارنے کے بعد گر گئی تھی۔ عمران خان اس وقت اپنے خلاف متعدد مقدمات میں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بند ہیں۔