Thursday, November 21, 2024 | 1446 جمادى الأولى 19
World

برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار، لارڈ چانسلر مسلم خاتون شبانہ محمود نے قرآن پاک پر لیا حلف

 رکن پارلیمنٹ شبانہ محمود  برطانیہ کی پہلی مسلم خاتون ہے جنہوں نے لارڈ چانسلرکے طور پر حلف لیا ہے۔
برطانیہ کی تاریخ میں یہ تقریب ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے کہ جہاں شبانہ محمود نے قرآن پاک پر حلف لیا۔ انہوں نے اپنے حلف میں بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کا دفاع اور انسانی حقوق کو برقرار رکھنے کا عہد لیا۔ شبانہ محمود نے کہا کہ عدلیہ کو سیاسی دباؤ اور غیر ضروری اثر و رسوخ کے بغیر فیصلہ کرنا چاہیۓ۔
 بتا دیں کہ قانون کے مطابق لارڈ چانسلر سکریٹری آف اسٹیٹ برائے انصاف ہوتا ہے جو کہ ایک وزیر کے برابر ہوتا ہے۔ 
ساتھ ہی اس عہدے پر فائز ہونے والا انگلینڈ اور ویلز میں عدالتوں اور قانونی معاملات کا ذمہ دار ہوتا ہے۔
برطانیہ کی چیف جسٹس نے اس موقعے پر کہا کہ آج ایک ٹرپل فرسٹ کا دن ہے، پہلی بار کسی لارڈ چانسلر نے قرآن پاک پر حلف اٹھایا ہے،
شبانہ محمود نے اپنے خطاب میں  کہا کہ آج کی اس تقریب سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی بھی مقام ہم سے دور نہیں، ہم سب کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔
مزید انہوں نے کہا کہ میں پہلی لارڈ چانسلر ہوں جو اردو بھی بول سکتی ہوں۔
اس کے علاوہ انہوں نے اپنے خطاب میں برمنگھم میں اپنے والدین کی کارنر شاپ میں کام کرنے سے اپنے موجودہ کردار تک پہنچنے کی، زندگی کے سفر کا ذکر بھی کیا۔